جن سوراج پارٹی نے اتوار کے روز پٹنہ کے پاٹلی پتر دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بہار کی سیاست، قانون و امن و امان کی صورتحال اور دہلی میں مبینہ طور پر پاندو نامی نوجوان کے قتل کے معاملے پر ریاستی اور مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ پارٹی رہنماؤں نے نشانت کمار کی “سَدبھاؤ یاترا” کو سیاسی وراثت بچانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے اسے عوامی مسائل سے ہٹ کر ایک سیاسی قدم قرار دیا۔
پریس کانفرنس میں رہنماؤں نے کہا کہ بہار میں جرائم، ہجرت اور بے روزگاری کے مسائل مسلسل سنگین ہوتے جا رہے ہیں، جبکہ سیاسی جماعتیں صرف یاترا اور علامتی مہمات تک محدود ہیں۔
یاترا ترقی کا روڈ میپ نہیں، سیاسی وراثت بچانے کی کوشش ہے: کشور کمار
جن سوراج کے سینئر رہنما کشور کمار نے نشانت کمار کی سَدبھاؤ یاترا پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں بلکہ سیاسی بقا کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں متعدد یاترا اور مہمات کے باوجود بہار کی صورتحال میں کوئی بنیادی بہتری نہیں آئی۔ ان کے مطابق “نہ ہجرت رکی، نہ تعلیم بہتر ہوئی اور نہ ہی بدعنوانی پر مؤثر قابو پایا جا سکا۔”
کشور کمار نے الزام لگایا کہ جے ڈی یو اور بی جے پی کے درمیان سیاسی توازن قائم رکھنے کے لیے اس طرح کی یاترا نکالی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی یو کا سیاسی مستقبل خطرے میں نظر آ رہا ہے۔
بہار ی ہونے کی وجہ سے قتل اور سیاسی خاموشی تشویشناک ہے: کمار سوربھ
پارٹی کے قومی ترجمان کمار سوربھ نے دہلی میں پاندو نامی نوجوان کے مبینہ قتل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک مجرمانہ واقعہ نہیں بلکہ “بہاریوں کے ساتھ امتیازی سلوک” کی علامت ہے۔
انہوں نے ایک مبینہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “مار دیا تو مار دیا، کون سی بڑی بات ہے” جیسی بات انتہائی غیر حساس اور متاثرہ خاندان کی توہین ہے۔
کمار سوربھ نے سوال اٹھایا کہ بہار سے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں نمائندگی کے باوجود اس معاملے پر مؤثر آواز کیوں نہیں اٹھائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جب دہلی میں بہار کا نوجوان مارا جاتا ہے تو سیاسی خاموشی مزید سوالات پیدا کرتی ہے۔
بہاریوں کے ساتھ امتیاز کا مسئلہ مسلسل نظر انداز ہو رہا ہے: منیش کشیپ
جن سوراج رہنما منیش کشیپ نے کہا کہ پاندو قتل کیس سمیت دیگر واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بہاریوں کے ساتھ امتیازی رویہ اب بھی موجود ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختلف ریاستوں میں بہاری مزدوروں کے ساتھ ہونے والے واقعات پر حکومت کا ردعمل ناکافی ہوتا ہے۔ منیش کشیپ نے مطالبہ کیا کہ اگر کسی بہاری مزدور کا دوسرے ریاست میں قتل ہوتا ہے تو اس کے اہل خانہ کو 1 کروڑ روپے معاوضہ اور سرکاری نوکری دی جائے۔
ایس آئی ٹی جانچ اور معاوضے کا مطالبہ
جن سوراج پارٹی نے پاندو قتل کیس کی غیر جانبدار ایس آئی ٹی جانچ کا مطالبہ دہراتے ہوئے متاثرہ خاندان کو مناسب معاوضہ اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی۔ رہنماؤں نے کہا کہ یہ معاملہ صرف قانون و امن کا نہیں بلکہ سماجی حساسیت سے بھی جڑا ہوا ہے۔
پٹنہ #بہارسیاست #جنسوراجپارٹی #نشانتکمار #سَدبھاؤیاترا #پاندوقتلکیس #دہلیکرائم #بہاریمہاجرین #قانونوامن #سیاسیتنازع #بہارنیوز #انصافٹائمس