انصاف ٹائمس ڈیسک
جن سوراج کے بانی اور ملک کے معروف سیاسی حکمتِ عملی ساز پرشانت کشور (پی کے) نے اتوار کو سیوان، سارن اور گوپال گنج میں جن سوراج کے امیدواروں کے حق میں شاندار روڈ شو کیا۔ عوامی جوش و خروش ایسا تھا کہ سڑکوں پر انسانوں کا سمندر امڈ آیا۔ لوگوں نے ہاتھوں میں جھنڈے اور بینر تھام کر نعرے لگائے “جن سوراج زندہ باد” اور “بہار بدلے گا، پی کے آئے گا!”
روڈ شو کے دوران پرشانت کشور نے ریاست کے صحت وزیر منگل پانڈے پر زبردست حملہ بولا۔ انہوں نے کہا “سیوان کی عوام سے میری اپیل ہے کہ جس وزیر نے بہار کے صحت نظام کو تباہ کر دیا، اسے ہرانا اب عوام کی ذمہ داری ہے۔”
اسی کے ساتھ پی کے نے لالو پرساد یادو پر بھی سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا “لالو جی اب صرف اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کی سیاست کرتے ہیں۔ انہیں بہار کے غریبوں، نوجوانوں اور بچوں کی کوئی فکر نہیں۔ لیکن اب عوام کے پاس ایک نیا متبادل ہے — جن سوراج۔”
وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے پرشانت کشور نے کہا،
“مودی جی بہار کے لوگوں کو سستا ڈیٹا دے رہے ہیں، مگر بہار کے لوگوں کو ڈیٹا نہیں، اپنا بیٹا چاہیے — جو روزگار کی تلاش میں گجرات اور پنجاب چلا گیا ہے۔”
پی کے نے کہا کہ بہار دہائیوں سے پسماندگی، بے روزگاری اور نقل مکانی کے مسئلے سے دوچار ہے۔ نہ این ڈی اے ریاست کو ترقی کی راہ پر لا سکا، نہ مہاگٹھ بندھن نے کوئی ٹھوس متبادل دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ جن سوراج تحریک کا مقصد ہے “سیاست کو عوام کے ہاتھ میں واپس دینا، ایماندار قیادت فراہم کرنا اور بہار کو تعلیم، صحت اور روزگار کے شعبوں میں خودکفیل بنانا۔”
روڈ شو کے دوران ہر مقام پر لوگوں نے پھولوں کی برسات سے پرشانت کشور کا استقبال کیا۔ نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد میں موجودگی نے یہ ظاہر کر دیا کہ بہار کی سیاست میں جن سوراج اب ایک مضبوط متبادل کے طور پر ابھر رہا ہے۔