انصاف ٹائمس ڈیسک
مظفرپور کے اورائی اسمبلی حلقہ میں آج ایک تاریخی منظر دیکھا گیا جب آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے قومی صدر اور ممبر پارلیمنٹ چندرشیکھر آزاد کی قیادت میں عوام کا سیلاب اُمڈ پڑا۔ آزاد سماج پارٹی کے امیدوار آفتاب عالم کی حمایت میں منعقدہ دو بڑے عوامی اجلاس — پہسول بازار اور مٹیہانی ہائی اسکول — میں دلت، مسلم اور دیگر پسماندہ طبقات کے تینتیس ہزار سے زائد افراد نے شرکت کر کے سیاسی فضا کو نیا رخ دے دیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چندرشیکھر آزاد نے موجودہ نظام پر زوردار حملہ کرتے ہوئے کہا “ملک کو آزادی ملے برسوں گزر گئے، مگر آج بھی ہم جھوٹی آزادی میں جی رہے ہیں۔ ہمارے دلت بھائی اب بھی مندر جانے پر پیٹے جاتے ہیں، گھوڑی پر چڑھنے سے روکے جاتے ہیں، پانچ سال کی بچیوں کے ساتھ درندگی ہوتی ہے۔ ہمیں سیاسی و معاشی طور پر کمزور رکھنے کی سازش جاری ہے، مگر اب سماج جاگ چکا ہے، اور بھیم آرمی و آزاد سماج پارٹی کے پرچم تلے اپنے مکمل حقوق کی جنگ لڑنے نکلا ہے۔”
چندرشیکھر آزاد نے دلت–مسلم اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا “جس طرح نگینہ میں دلتوں کے ساتھ مسلم سماج نے کندھے سے کندھا ملا کر میرا ساتھ دیا اور مجھے پارلیمنٹ پہنچایا، اسی طرح بہار کی مٹی اب وہی تاریخ دہرانے کو تیار ہے۔ اورائی سے یہ پیغام جانا چاہیے کہ جب دلت اور مسلمان ایک ہوتے ہیں تو اقتدار کی دیواریں ہل جاتی ہیں۔ آفتاب عالم کو کامیاب بنا کر ہم ایک نئی سیاست کی شروعات کریں گے — وہ سیاست جو وقار، تحفظ اور ترقی کی بات کرے گی، نہ کہ نفرت اور تفریق کی۔”
آزاد سماج پارٹی کے صوبائی صدر جوہر آزاد اور بھیم آرمی بہار کے صدر امر جیوتی نے اپنے خطاب میں کہا “بہار میں دلتوں اور مسلمانوں کی آواز کو برسوں سے حاشیے پر دھکیل دیا گیا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ یہ دونوں مظلوم طبقات متحد ہو کر اپنی سیاسی طاقت منوائیں۔ آفتاب عالم وہ لیڈر ہیں جنہوں نے دلت گھروں پر بلڈوزر کارروائی کے خلاف، دلت بچی کے ریپ کے انصاف کے لیے، اور مسلمانوں کے قبرستان پر قبضے کی سازش کے خلاف عملی لڑائیاں لڑی ہیں۔ ایسے زمینی لیڈر کو اسمبلی بھیجنا ہی حقیقی بدلاؤ کا راستہ ہے۔”
بھیم آرمی کے قومی جنرل سکریٹری کمل سنگھ والیا نے جوشیلے انداز میں کہا “میں کئی دنوں سے اورائی میں ہوں اور یہاں کی زمین پر بیداری کی لہر کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ دلتوں کی بیداری اور مسلمانوں کا اتحاد اب ایک نئی تاریخ لکھنے جا رہا ہے۔ یہ سیٹ ہم جیت رہے ہیں، بس اب آخری دنوں میں ہر گھر، ہر گلی تک پہنچیں اور 6 نومبر کی شام تک جم کر محنت کریں۔”
آزاد سماج پارٹی کے امیدوار آفتاب عالم نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا “2020 کے انتخاب میں جن مسائل کو میں نے اپنا ایجنڈا بنایا تھا، ان پر میں نے پورے پانچ سال زمین پر رہ کر لڑائی لڑی ہے۔ چاہے دلت ہو یا مسلمان، یا یادو اور دیگر سماج — میں سب کے ساتھ ناانصافی کے خلاف کھڑا رہا۔ اگر کبھی میری کوشش میں کوئی کمی رہی ہو تو میں معافی چاہتا ہوں، مگر اب میں آپ سب سے وعدہ لیتا ہوں کہ اسمبلی میں آپ کا نمائندہ بن کر آپ کے حقوق کے لیے بے خوف جدوجہد کروں گا۔”
اجلاس میں آزاد سماج پارٹی کے صوبائی سکریٹری شرف الدین قاسمی، ضلعی صدر رام نریش پاسوان سمیت متعدد معزز رہنماؤں نے خطاب کیا اور آفتاب عالم کو کامیاب بنا کر بہار میں نئی عوامی سیاست کے آغاز کی اپیل کی۔