انصاف ٹائمس ڈیسک
بہار لوک سیوا آیوگ (BPSC) نے محکمۂ تعلیم میں اسسٹنٹ ایجوکیشن ڈویلپمنٹ آفیسر (Assistant Education Development Officer) کے 935 عہدوں پر تقرری کے لیے اشتہار جاری کیا ہے۔ آیوگ نے بتایا کہ آن لائن درخواست کا عمل 27 اگست سے شروع ہو چکا ہے اور یہ 26 ستمبر 2025 تک جاری رہے گا۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کل 935 عہدوں میں سے 374 نشستیں غیر محفوظ (جنرل) زمرے کے لیے، 93 اقتصادی طور پر کمزور طبقے (EWS) کے لیے، 150 درج فہرست ذات (SC) کے لیے، 7 درج فہرست قبائل (ST) کے لیے، 168 انتہائی پسماندہ طبقے (EBC) کے لیے، 112 پسماندہ طبقے (BC) کے لیے اور 28 نشستیں پسماندہ طبقے کی خواتین کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ ان میں سے 319 نشستیں خواتین کے لیے محفوظ ہیں۔ اسی کے ساتھ آزادی سنگرامی خاندانوں کو 2 فیصد اور معذور امیدواروں کو 4 فیصد افقی ریزرویشن دیا جائے گا۔
اہلیت کے طور پر امیدوار کے پاس کسی تسلیم شدہ یونیورسٹی سے گریجویشن یا اس کے مساوی ڈگری ہونا لازمی ہے۔ عمر کی حد 1 اگست 2025 کے حساب سے طے کی گئی ہے۔ جنرل مرد امیدواروں کے لیے کم از کم عمر 21 اور زیادہ سے زیادہ 37 سال، جبکہ پسماندہ و انتہائی پسماندہ طبقے اور جنرل خواتین کے لیے زیادہ سے زیادہ 40 سال، اور درج فہرست ذات و قبائل کے مرد و خواتین امیدواروں کے لیے زیادہ سے زیادہ 42 سال مقرر ہے۔ معذور امیدواروں کو 10 سال تک کی اضافی رعایت اور سابق فوجیوں کو سروس مدت کے حساب سے زیادہ سے زیادہ 57 سال تک کی چھوٹ ملے گی۔
منتخب امیدواروں کو لیول-5 (₹29,200 بنیادی تنخواہ) پر تقرر دیا جائے گا۔ تقرری کا عمل صرف تحریری امتحان کی بنیاد پر ہوگا، انٹرویو کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ امتحان میں عمومی زبان (ہندی اور انگریزی)، عمومی مطالعہ اور عمومی صلاحیت سے متعلق سوالات شامل ہوں گے۔ ہر سوال ایک نمبر کا ہوگا اور غلط جواب پر ایک تہائی نمبر کاٹے جائیں گے۔ کم از کم کامیابی کے نمبر جنرل کے لیے 40 فیصد، پسماندہ طبقے کے لیے 36.5 فیصد، انتہائی پسماندہ طبقے کے لیے 34 فیصد اور درج فہرست ذات/قبائل، خواتین اور معذور امیدواروں کے لیے 32 فیصد رکھے گئے ہیں۔
تمام زمرے کے امیدواروں کو امتحان فیس کے طور پر ₹100 جمع کرانا ہوگا۔ جن امیدواروں کے پاس آدھار کارڈ نہیں ہے، انہیں اضافی ₹200 بایومیٹرک فیس دینا ہوگی۔ درخواست صرف آن لائن ہی قبول کی جائے گی اور امیدواروں کو کسی بھی قسم کی ہارڈ کاپی آیوگ کے دفتر بھیجنے کی ضرورت نہیں ہے۔ تفصیلی ہدایات اور درخواست فارم کا لنک آیوگ کی سرکاری ویب سائٹ www.bpsc.bihar.gov.in پر دستیاب ہے۔
آیوگ نے امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ درخواست دینے سے پہلے نوٹیفکیشن میں درج تمام شرائط اور ریزرویشن کے قواعد کو اچھی طرح پڑھ لیں۔