بودھ گیا میں 74 ممالک کے 327 بحری افسران کی مہابودھی مندر میں حاضری

عالمی ورثہ مقام مہابودھی مندر میں جمعہ کے روز 74 ممالک کے 327 بحری افسران اور اہلکاروں نے حاضری دی۔ بین الاقوامی بحری پروگراموں کے سلسلے میں بھارت آئے اس کثیرالقومی وفد کا مندر احاطے میں روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔

مہابودھی مندر مینجمنٹ کمیٹی کی سکریٹری ڈاکٹر مہاشویتا مہاراتھی کی قیادت میں بدھ راہبوں نے وفد کو ’کھادا‘ پیش کر کے اعزاز بخشا۔ افسران نے مندر احاطے میں واقع مختلف مقدس مقامات کا دورہ کیا اور ان کی تاریخی و مذہبی اہمیت سے آگاہی حاصل کی۔

وفد نے مقدس بودھی درخت کے بھی درشن کیے، جس کے نیچے بھگوان بدھ کو معرفت حاصل ہوئی تھی۔ افسران نے درخت کے نیچے مراقبہ کیا اور بدھ کی زندگی، ان کی تعلیمات اور امن، رحم دلی اور بقائے باہمی کے پیغام کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
ڈاکٹر مہاراتھی نے بتایا کہ نمائندوں کو بدھ کے فلسفۂ حیات، علم کی اہمیت اور دنیا میں بدھ مت کی روایات کی خصوصیات سے روشناس کرایا گیا۔

وفد کے اراکین بودھی درخت کے تحفظ، دیکھ بھال اور نگہداشت کے طریقۂ کار کے بارے میں بھی معلومات لینے میں دلچسپی رکھتے دکھائی دیے۔ دورے کے بعد متعدد غیر ملکی افسران نے اسے “روحانی اور یادگار تجربہ” قرار دیا اور کہا کہ بودھ گیا آ کر انہیں بھارت کی ثقافتی وراثت کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔

قابلِ ذکر ہے کہ یہ تمام افسران آئندہ انٹرنیشنل فلیٹ ریویو (IFR) اور میلان-26 پروگرام میں شرکت کے لیے بھارت آئے ہیں۔ بھارتی بحریہ سن 1995 سے وشاکھاپٹنم میں ہر دو سال بعد کثیرالجہتی بحری تقریب کا انعقاد کرتی ہے، جس کا مقصد بحری تعاون اور بین الاقوامی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

بدھ کی سرزمین سے امن اور کرم نوازی کا پیغام لے کر لوٹنے والے ان عالمی نمائندوں کا یہ دورہ روحانی اور سفارتی اعتبار سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

دربھنگہ کے دانی میں گونجا پیامِ سیرت، 600 طلبہ نے اسلامی کوئز میں دکھایا اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ

دانی، دربھنگہ۔ نئی نسل کو دینی تعلیم، اخلاقی اقدار اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ

گاندھی۔امبیڈکر کے نظریات کے ساتھ علی گڑھ سے سہارنپور تک مکالمہ یاترا، اقلیتی حقوق سمیت کئی مسائل پر عوامی رائے ہموار کی جائے گی

ہندوستانی جمہوریت میں اقلیتوں کی سیاسی شمولیت، تحفظ اور نمائندگی کے حوالے سے کانگریس کے

بہار کانگریس بچاؤ مہم: سیکڑوں کانگریس کارکنوں کا دہلی میں احتجاج، قیادت میں تبدیلی سمیت چھ مطالبات پیش

بہار کانگریس کی موجودہ صورتحال سے ناراض سابق ارکانِ اسمبلی، سابق ضلعی صدور، سابق ریاستی