نئی دہلی۔(پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا(ایس ڈی پی آئی) کے قومی صدر ایم کے فیضی نے اپنے جاری کردہ اخباری اعلامیہ میں کہا ہے کہ آسام انتخابی مہم میں مرکزی وزیر داخلہ فرقہ وارانہ کارڈز کا استعمال کرکے اور عوام کو نفرت اور جھوٹ کے ذریعہ تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ وہ دیکھ رہے ہیں اور وہ اس بات سے مایوس ہیں کہ ان کی پارٹی آسام میں شرمناک شکست کا سامنا کرنے والی ہے۔ ایم کے فیضی نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ امت شاہ نے آسام میں پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیکر کہا ہے کہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے پر "لوجہاد "اور "لینڈ جہاد”کے خلاف قوانین لائے گی۔ اس ملک کے وزیر داخلہ کو عوام کے درمیان کوئی بھی لفظ بولنے سے پہلے ان کے عہدے کی حیثیت اور وقار کا پتہ ہونا چاہئے۔ یہ اس ملک کی بدقسمتی ہے کہ ایک مرکزی وزیر داخلہ من گھڑت اور مذموم جھوٹ کے ذریعہ عوام کو تقسیم کرنے اور ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ نے پچھلے سال لوک سبھا میں کہا ہے کہ مرکزی ایجنسیوں میں سے کسی کے پاس "لوجہاد”کے ایسے واقعات کی اطلاع نہیں ہے۔ وزرات داخلہ کے اس بیان کے باوجود، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنی پارٹی کی مفادات کیلئے "لوجہاد”کی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے مذہب کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے کا کام کیا ہے اور ملک کو گمراہ کیا ہے۔ اب ملک کو تقسیم کرنے اور انتقام کی آگ میں جھونکنے کے ارادے سے انہوں نے اپنی طرف سے "لینڈ جہاد” کی نئی اصطلاح ایجاد کی ہے۔ ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے کہا کہ آسام کے لوگ بی جے پی کی شیطانی ذہنیت سے بخوبی واقف ہیں اور امید ہے کہ انتخابات میں وہ اس پارٹی کو شرمناک شکست دیکر وہ اس کو اچھا سبق سکھائیں گے۔