بہار میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی اسٹیت ورکنگ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس پُرنیا میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت پارٹی کے نیشنل جنرل سکریٹری محمد ایلیاس ٹومبی نے کی۔
اجلاس میں آئندہ لوک سبھا انتخابات اور پنچایت انتخابات کی تیاریوں، تنظیم کو بوتھ سطح تک مضبوط بنانے، اور کارکنان کی فعال شرکت کو یقینی بنانے جیسے اہم امور پر گہری بات چیت ہوئی۔ پارٹی قیادت نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں بہتر کارکردگی کے لیے زمینی سطح پر تنظیم کی مضبوطی انتہائی ضروری ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نیشنل ایگزیکٹو نے اہم تنظیمی فیصلے کرتے ہوئے عبدالسلام کو بہار کا نیا انچارج مقرر کیا ہے۔ نیشنل جنرل سکریٹری محمد ایلیاس ٹومبی نے انہیں باضابطہ ذمہ داری سونپی۔ اجلاس میں موجود تمام اراکین نے ان کا استقبال کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تنظیم کو نئی سمت ملے گی۔
اجلاس کا آغاز صوبائی جنرل سکریٹری مُجمل حسن مجہری کے استقبالیہ کلمات سے ہوا، جبکہ افتتاحی تقریر صوبائی صدر ڈاکٹر آفتاب عالم نے پیش کی۔
اپنے خطاب میں محمد ایلیاس ٹومبی نے کہا کہ ایس.ڈی.پی.آئی سماج کے کمزور، محروم اور پسماندہ طبقات کی آواز بن کر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ مکمل دیانتداری اور لگن کے ساتھ عوام کے درمیان جائیں، ان کے مسائل کو سمجھیں اور ان کے حل کے لیے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی کارکنان کی محنت اور اتحاد پر منحصر ہے۔
اجلاس میں صوبائی جنرل سکریٹری منجر عالم، محمد سہراب اور محمد طارق سمیت کئی سینئر رہنما اور کارکنان موجود تھے۔
اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ تنظیم کو مزید مضبوط بنایا جائے اور آنے والے انتخابات میں مؤثر کارکردگی دکھائی جائے۔