انصاف ٹائمس ڈیسک
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر (15 ستمبر) کو بہار کے سیمانچل خطے کو ترقی کی بڑی سوغات دی۔ مودی نے پورنیہ ایئرپورٹ کا افتتاح کیا، قومی مکھانا بورڈ کے قیام کا اعلان کیا اور تقریباً 36 ہزار کروڑ روپے کی مختلف ترقیاتی اسکیموں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں میں نئی ریلوے لائنیں، پروازوں کی سہولت، تھرمل پاور پراجیکٹ، پانی کی فراہمی اور سیویج ٹریٹمنٹ منصوبے شامل ہیں۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اپوزیشن پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ “کانگریس اور آر جے ڈی نے بہار کو بدنام کرنے کی کوشش کی اور سرکاری اسکیموں میں گھوٹالے کیے۔ ایسے لوگ غریبوں کا بھلا کبھی نہیں کر سکتے۔ ہماری حکومت کے لیے غریبوں اور پسماندہ طبقات کی خدمت سب سے اوپر ہے۔”
اہم افتتاح اور سنگِ بنیاد
پورنیہ ایئرپورٹ اور نیا ٹرمینل بلڈنگ کا افتتاح
پورنیہ-کلکتہ پہلی پرواز کو ہری جھنڈی
قومی مکھانا بورڈ کا قیام، کسانوں کے لیے 450 کروڑ روپے کی منظوری
پیرپینتی تھرمل پاور پراجیکٹ (3×800 میگاواٹ، 25 ہزار کروڑ روپے) کی بنیاد
کوسی-میچی بین الریاستی دریا جوڑ منصوبہ — آبپاشی اور سیلاب کنٹرول کے لیے
نئی ریلوے لائنوں کا آغاز — وکرام شلا-کٹریا اور ارریہ-گلگلِیا
پانی کی فراہمی اور سیویج ٹریٹمنٹ منصوبے — دربھنگہ، کٹیہار اور بھاگلپور میں
پورنیہ سپرم سینٹر کا افتتاح
مودی نے کہا کہ اب تک 4 کروڑ خاندانوں کو پکا گھر دیا جا چکا ہے اور اگلے مرحلے میں 3 کروڑ مزید گھر دیے جائیں گے۔ انہوں نے سیمانچل کے ترقی کو بہار کی مجموعی ترقی کے لیے لازمی قرار دیا۔
آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے مودی کے دورے کو “جملہ دیوس” قرار دیا۔ وہیں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جلسے میں کہا کہ 2005 سے پہلے بہار میں ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر تھے، لیکن اب سڑک، سیلاب کنٹرول اور روزگار سمیت کئی منصوبے چل رہے ہیں۔
مقامی عوام نے ایئرپورٹ اور مکھانا بورڈ کے قیام کو علاقے کی معیشت کے لیے بڑی کامیابی بتایا۔ مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے کہا کہ مودی کے دورے سے بہار میں ترقی اور خوشحالی کو نئی رفتار ملی ہے۔
پورنیہ کا یہ دورہ اس بات کا پیغام دیتا ہے کہ این ڈی اے حکومت سیمانچل کو مشرقی بھارت کا اقتصادی مرکز بنانے کے لیے سنجیدہ ہے اور ریاست میں سڑک، ریل، ہوائی، پانی اور توانائی کے منصوبوں کے ذریعے ہمہ جہتی ترقی کو فروغ دے رہی ہے۔