انصاف ٹائمس ڈیسک
بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر جن سوراج پارٹی نے جمعہ کو اپنے 20 اسٹار پرچارکوں کی فہرست جاری کر دی۔ پارٹی کے بانی اور مرکزی حکمتِ عملی ساز پرشانت کشور کو اس فہرست میں سرفہرست رکھا گیا ہے۔ ان کے ساتھ سینئر رہنما ادے سنگھ اور منوج بھارتی کو بھی اسٹار پرچارک نامزد کیا گیا ہے۔
پارٹی نے اپنی شمولیتی پالیسی کو آگے بڑھاتے ہوئے چار نمایاں مسلم شخصیات کو بھی اس فہرست میں شامل کیا ہے۔ ان میں ایم ایل سی آفاق احمد، معروف اسلامی اسکالر مولانا شاہنواز بدر قاسمی، سماجی کارکن مولانا عبداللہ سالم چترویدی اور نوجوان رہنما دانش خان شامل ہیں۔
پارٹی کے ترجمان نے کہا “ہماری کوشش ہے کہ سماج کے ہر طبقے کی آواز ہماری انتخابی مہم کا حصہ بنے۔ جن سوراج ایک نئی سیاست کی شروعات کر رہا ہے جو اتحاد، ترقی اور مساوات پر مبنی ہے۔”
پارٹی کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق، یہ تمام پرچارک ریاست کے مختلف علاقوں میں جاکر عوام سے براہِ راست رابطہ قائم کریں گے اور جن سوراج کے ویژن اور پالیسیوں کو گھر گھر تک پہنچائیں گے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، جن سوراج کی یہ پرچارک ٹیم نہ صرف اسٹریٹیجک تنوع کی علامت ہے بلکہ سماجی انصاف، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور عوامی شمولیت کی سیاست کو بھی مزید مضبوط کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔