جناب مولانا محمد شمشاد رحمانی صاحب امار ت شرعیہ کے نائب امیر شریعت نامزد

Spread the love

امارت شرعیہ آمد پرتمام ذمہ داران و کارکنان نے کیا والہانہ استقبال

مفکر اسلام امیر شریعت بہار ، اڈیشہ و جھارکھنڈ حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی صاحب دامت برکاتہم نے دار العلوم وقف دیوبند کے استاذ حدیث و فقہ ، مشہور عالم دین ، متعدد کتابوں کے مصنف، بہار کی مشہوردینی و علمی شخصیت جناب مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی زید مجدہم کو امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ و جھارکھنڈ کا نائب امیر شریعت نامزد فرمایاہے۔مولانا محمد شمشاد رحمانی صاحب کافی عرصے سے امارت شرعیہ کی مجلس عاملہ اور شوریٰ کے فعال و متحرک رکن اور فکر امارت شرعیہ کے ترجمان ہیں،آپ ضلع ارریہ کے موضع جھوا کے رہنے والے ہیںاور عرصے سے دار العلوم وقف دیوبند میں تدریسی خدمات انجام دے رہیں ، ان کی صلاحیت وصالحیت کی بنیاد پر حضرت امیر شریعت مدظلہ نے ان کو نیابت کی ذمہ داری سونپی ہے۔ نائب امیر شریعت بننے کے بعد پہلی بار امار ت شرعیہ کے مرکزی دفتر پھلواری شریف تشریف لانے پر قائم مقام ناظم امارت شرعیہ مولانا مفتی محمد سہراب ندوی صاحب سمیت تمام ذمہ داران و کارکنان نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور نائب امیر شریعت بننے پر انہیں مبارک باد دی۔اس موقع پر امارت شرعیہ کے میٹنگ روم میں ایک استقبالیہ نشست بھی منعقد ہوئی ، اس نشست میں تمام ذمہ داران و کارکنان امارت شرعیہ کی طرف سے قائم مقام ناظم صاحب نے حضرت نائب امیر شریعت مدظلہ کاخیر مقدم کیا ۔جناب قائم مقام ناظم صاحب نے فرمایا کہ امارت شرعیہ کا نظام سمع و طاعت اور امیر کی اطاعت پر قائم ہے ، امارت شرعیہ سے تعلق رکھنے والا ہر فرد حضرت امیر شریعت مد ظلہ کے اس حسن انتخاب پر فرحاں و شاداں ہے۔ نائب امیر شریعت زید مجد ہ نے بھی کارکنان کے سامنے نصیحت آمیز گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امیر شریعت مد ظلہ نے جس حسن ظن کے ساتھ یہ ذمہ داری ناتواں کاندھے پر ڈالی ہے ، اللہ سے دعا فرمائیے کہ اللہ تعالیٰ اس کا حق ادا کرنے کی توفیق بخشے۔آپ نے اپنے رفقاء کار سے باہمی تعاون و مشورہ سے کام کو مزید قوت کے ساتھ آگے بڑھانے کی تلقین کی ، انہوں نے فرمایاکہ اس وقت امارت شرعیہ میں جو کچھ بھی ترقی ہو رہی ہے ، اس میں حضرت امیر شریعت مد ظلہ کی فکر رسا کے ساتھ آپ حضرات کاعملی تعاون بھی شامل ہے ،اگر ہم سب اخلاص و للٰہیت کے جذبے کے ساتھ اسی طرح کام کرتے رہیں گے تو یہ ادارہ مزید ترقیات کی نئی شاہ راہوں سے گزرے گا اور ملت کو اس سے فائدہ پہونچتا رہے گا ، اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی مرضیات پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور ملت کو وحدت و اجتماعیت کے ساتھ امیر شریعت کی ہدایت و رہنمائی میں ادارہ کو ترقی دینے کی توفیق بخشے ،ا ٓمین۔اخیر میں جناب نائب امیر شریعت مد ظلہ کی دعا پر مجلس اختتام کو پہونچی۔

Leave a Comment