گرین اسپائر ویلفیئر فاؤنڈیشن کے بانی اور وکیل محمد عادل ظفر نے ملتِ اسلامیہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ فوراً اپنی وقف جائیدادوں کا اندراج UMEED پورٹل پر مکمل کریں، کیونکہ سپریم کورٹ نے اندراج کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع سے متعلق تمام عرضداشتوں کو مسترد کر دیا ہے۔
ایڈووکیٹ عادل ظفر نے انصاف ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ “گرین اسپائر فاؤنڈیشن زمینی سطح سے لے کر قانونی محاذ تک مسلسل کام کر رہا ہے، تاکہ حقیقی وقف املاک کسی تکنیکی یا دستاویزی خامی کی وجہ سے محروم نہ رہ جائیں۔”
انہوں نے خاص طور پر متولیان، وقف کمیٹیوں اور سماجی و مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ یا تو اندراج کی کارروائی فوراً مکمل کریں، یا اگر کسی رکاوٹ یا قانونی پیچیدگی کا سامنا ہو تو بلا تاخیر وقف ٹریبیونل سے رابطہ کریں۔
فاؤنڈیشن کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ صرف چند دن باقی رہ گئے ہیں اور آخری تاریخ 6 دسمبر مقرر ہے۔
آخر میں عادل ظفر نے کہا کہ “مسلمانوں کی بیداری اور بروقت کوشش ہی اس بات کو یقینی بنا سکتی ہے کہ کوئی بھی وقف جائیداد اندراج کے عمل میں ضائع یا نظرانداز نہ ہو۔”