مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کا ایک نہایت سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ بہار سائبر پولیس نے صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کی آواز اور تصاویر کی نقالی کرکے جعلی ویڈیو بنانے اور اسے سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے الزام میں ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ عمل محض سائبر جرم نہیں بلکہ ملک کے اعلیٰ ترین آئینی عہدوں کی وقار کو ٹھیس پہنچانے اور جمہوری اداروں پر عوام کے اعتماد کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، 2 جنوری کو سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے دوران ایک مشتبہ ویڈیو سامنے آئی، جس میں صدرِ جمہوریہ اور وزیرِ اعظم کی آواز اور چہروں کی نقالی کی گئی تھی۔ ابتدائی تفتیش میں واضح ہوا کہ یہ ویڈیو آرٹیفیشیل انٹیلجنس پر مبنی ٹولز کی مدد سے تیار کی گئی تھی۔ معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی ہدایت پر سائبر ڈی ایس پی کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔
تکنیکی شواہد، ڈیجیٹل ٹریل اور سوشل میڈیا سرگرمیوں کے تجزیے کے بعد ملزم کی شناخت کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت پرمود کمار راج کے طور پر ہوئی ہے، جو بوچھا تھانہ حلقہ کے بھگوان پور کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے وہ موبائل فون بھی ضبط کر لیا ہے، جس کا مبینہ طور پر جعلی ویڈیو تیار کرنے اور اسے پھیلانے میں استعمال کیا گیا تھا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزم پرمود کمار راج اس سے قبل پرشانت کشور کی قیادت والی جن سوراج پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم سے وابستہ رہا ہے اور گزشتہ بہار اسمبلی انتخابات کے دوران پارٹی کے ڈیجیٹل پرچار کا کام بھی انجام دیتا رہا تھا۔ تاہم اس حوالے سے پولیس کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے اور تفتیش جاری ہے۔
سائبر تھانے میں اس معاملے کو مقدمہ نمبر 1/26 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اے.آئی پر مبنی ٹولز کے ذریعے ویڈیو ایڈیٹنگ کا اعتراف بھی کیا ہے۔ پولیس افسران کے مطابق اس نوعیت کا جعلی ڈیجیٹل مواد عوام کو گمراہ کرنے، آئینی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔
تحقیقی ادارے ملزم کے مجرمانہ پس منظر کی بھی جانچ کر رہے ہیں۔ دیگر تھانوں سے رابطہ قائم کر کے یہ معلوم کیا جا رہا ہے کہ آیا اس کے خلاف پہلے کوئی مقدمات درج رہے ہیں یا نہیں۔ ضرورت پڑنے پر ملزم کو ریمانڈ پر لے کر مزید گہرائی سے تفتیش کی جائے گی۔
دیہی ایس پی راجیش سنگھ پربھاکر نے کہا “سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے دوران اے.آئی سے تیار کردہ جعلی ویڈیو سامنے آئی۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سائبر تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا اور تکنیکی تفتیش کے بعد ملزم کو موبائل فون کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔”
سائبر پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی وائرل ویڈیو یا ڈیجیٹل مواد کو بغیر تصدیق کے شیئر نہ کریں اور جعلی یا گمراہ کن مواد کی فوری اطلاع پولیس یا سائبر ہیلپ لائن کو دیں۔