
دہلی ایس ڈی ایم سی کی جانب سے شاہین باغ کو نشانہ بناتے ہوئے چلائی گئی متنازعہ مہم کی پاپولر فرنٹ آف انڈیا مذمت کرتی ہے۔ یہ کوئی غیر قانونی قبضے کے خلاف مہم نہیں ہے جیسا کہ حکام کا دعویٰ ہے، بلکہ یہ بلڈوزر راج کا تسلسل ہے، جو مسلم علاقوں کی غریب آبادیوں کو اجتماعی طور پر محروم کرنے کی ایک نئی کوشش ہے۔ رام نومی کے نام پر ہندوتوا تشدد کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں بی جے پی کے زیر کنٹرول مقامی انتظامیہ کے ذریعہ بغیر کسی عدالتی کاروائی کے مسلمانوں کے مکانات اور املاک کو یکطرفہ طور پر منہدم کئے جانے نے ملک کو چونکا دیا تھا۔ بی جے پی شاہین باغ میں بھی ایسا ہی کرنا چاہتی ہے۔ پاپولر فرنٹ شاہین باغ کے لوگوں کی طرف سے دکھائی گئی جرأت و ہمت کی تعریف کرتی ہے جو ظالمانہ اقدام کے خلاف اپنے حقوق کے دفاع میں آگے آئے۔ مسلمانوں کو خصوصی طور پر نشانہ بنانے کے لئے بی جے پی کے ذریعہ اقتدار کا غلط استعمال دن بہ دن بدتر شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔ وہ بے قصور مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے لیے کوئی نہ کوئی وجہ نکالتے رہتے ہیں۔ شاہین باغ یا دیگر جگہوں پر جب کبھی لوگوں پر ایسے غیر انسانی و فرقہ وارانہ حملے ہوتے ہیں، تو لوگوں کو اپنے گھروں اور املاک کے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔ پاپولر فرنٹ نے غیر قانونی قبضے ہٹانے کی آڑ میں سرکاری ایجنسیوں کی ایسی زیادتیوں کو روکنے کے لیے از خود نوٹس لینے اور بروقت عدالتی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔