وقف (ترمیمی) بل کے خلاف آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، امارتِ شریعہ اور دیگر تنظیموں کے زیرِ اہتمام ہونے والے احتجاج میں آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) بھرپور شرکت کرے گی، رکن پارلیمنٹ چندر شیکھر آزاد احتجاج سے خطاب کریں گے

Spread the love

اِنصاف ٹائمس ڈیسک

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، امارتِ شریعہ اور دیگر سماجی و مذہبی تنظیموں کے ذریعے 26 مارچ 2025 کو پٹنہ کے گردنی باغ میں وقف (ترمیمی) بل کے خلاف ایک عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جا رہا ہے۔ آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) اس تاریخی احتجاج میں بھرپور طریقے سے شرکت کرے گی اور اپنے سخت اعتراضات درج کرائے گی۔

آزاد سماج پارٹی بہار کے صوبائی صدر جوہر آزاد نے کہا کہ "یہ بل اقلیتی برادریوں کی املاک پر غیر قانونی قبضے کی سازش ہے اور ان کے آئینی حقوق کو کمزور کرنے کی کوشش ہے، جسے کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ قانون ملک کے جمہوری اور سیکولر اقدار کے خلاف ہے اور اسے فوری طور پر واپس لیا جانا چاہیے”

اُنہوں نے بتایا کہ "آزاد سماج پارٹی کے قومی صدر اور رکن پارلیمنٹ چندر شیکھر آزاد اس احتجاج سے خطاب کریں گے۔ وہ پہلے بھی اس بل پر سخت اعتراض کر چکے ہیں اور اسے آئین مخالف قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ بل صرف وقف جائدادوں کا معاملہ نہیں، بلکہ یہ آئین میں درج اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے بنیادی حقوق پر براہِ راست حملہ ہے۔”

آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) بہار کے ریاستی صدر جوہر آزاد نے مسلمانوں، درج فہرست ذاتوں/قبائل اور تمام سیکولر ذہن رکھنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 26 مارچ کو اس تاریخی احتجاج میں بڑی تعداد میں شرکت کریں اور اپنے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں۔

یہ لڑائی صرف کسی ایک برادری کی نہیں بلکہ پورے دبے کچلے اور محروم طبقے کی لڑائی ہے۔ آزاد سماج پارٹی ہر اس قانون کی مخالفت کرتی ہے جو آئین کی روح اور برابری کے اصولوں کے خلاف ہو۔

آزاد سماج پارٹی کے صوبائی صدر نے کہا کہ "ہم تمام انصاف پسند اور آئینی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھنے والے شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس احتجاج میں شریک ہوں۔”

Leave a Comment