انصاف ٹائمس ڈیسک
احمد آباد کے وٹوا علاقے میں پیر، 3 مارچ کی رات تراویح کی نماز کے بعد گھر لوٹ رہے مسلم نمازیوں پر اچانک حملہ کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، حملہ آوروں نے چھتوں سے پتھر برسائے اور چاقو کی نوک پر کچھ افراد کو ‘جے شری رام’ کے نعرے لگانے پر مجبور کیا۔ حملے میں خاص طور پر ٹوپی پہنے ہوئے افراد کو نشانہ بنایا گیا۔
اس حملے میں کم از کم تین افراد زخمی ہوئے، جن میں ایک 17 سالہ نوجوان بھی شامل ہے، جسے کام سے واپس آتے وقت پیٹھ میں پتھر لگا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے بچوں تک کو دھمکایا اور زبردستی مذہبی نعرے لگوانے کی کوشش کی۔
متاثرین کا الزام ہے کہ جب وہ پولیس میں شکایت درج کرانے پہنچے تو پولیس نے کسی بھی ملزم کا نام درج کرنے سے انکار کر دیا اور معاملہ "نامعلوم افراد” کے خلاف درج کیا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ مقامی رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عید تک علاقے میں پولیس کی نگرانی بڑھائی جائے تاکہ نمازیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔