ادھم پور،جموں کشمیر میں دہشت گردوں سے جھڑپ، 6 پیرا ایس.ایف کے حوالدار جھنٹو علی شیخ شہید، پہلگام حملے کے بعد جاری تھا سرچ آپریشن

Spread the love

اِنصاف ٹائمس ڈیسک

جموں و کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے پہلگام علاقے میں ہوئے شدید دہشت گرد حملے کے دو دن بعد، ادھم پور ضلع کے بسنت گڑھ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑا سرچ آپریشن شروع کیا۔ اس دوران ہونے والی جھڑپ میں بھارتی فوج کی 6 پیرا اسپیشل فورسز کے حوالدار جھنٹو علی شیخ شہید ہو گئے۔

بھارتی فوج کی وائٹ نائٹ کور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ اس دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں حولدار جھنٹو علی شیخ بری طرح زخمی ہو گئے اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

فوج نے شہید حولدار جھنٹو علی شیخ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرات اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ فوج نے سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی بھی کیا۔

یہ جھڑپ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پہلگام میں ہوئے حملے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش تیز کر دی ہے۔

ادھمپور کے لٹّی علاقے میں پیش آئی اس جھڑپ میں دو دیگر فوجی جوان بھی زخمی ہوئے ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

حولدار جھنٹو علی شیخ کی شہادت نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ہمارے جوان ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جان کی قربانی دینے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹتے۔ ان کی یہ قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر اور مشعلِ راہ ہے۔

Leave a Comment