نئے سال کے موقع پر بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کی سالگرہ کے دن سیاسی حلقوں میں اس وقت ہلچل مچ گئی، جب طویل عرصے سے خاندان سے الگ تھلگ چل رہے ان کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو 10 سرکلر روڈ واقع رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے لیے پہنچے۔ اس دوران تیج پرتاپ یادو نے اپنی والدہ کے ساتھ کیک کاٹا اور ان سے دعائیں حاصل کیں۔ اس ملاقات کے بعد لالو خاندان میں ممکنہ مصالحت کو لے کر قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔
سابق وزیر اور جن شکتی جنتا دل کے صدر تیج پرتاپ یادو نے رابڑی دیوی کے ساتھ اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور ایک جذباتی پیغام تحریر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ پورے خاندان کی اساس ہیں اور ان کی بے لوث محبت اور جدوجہد نے خاندان کو جوڑے رکھا۔ تیج پرتاپ یادو کے مطابق رابڑی دیوی ان کی سب سے بڑی تحریک ہیں اور ان کا سایہ خاندان کے لیے باعثِ سعادت ہے۔
لالو خاندان عام طور پر رابڑی دیوی کی سالگرہ سادگی سے مناتا رہا ہے، تاہم اس بار تیج پرتاپ یادو کی موجودگی نے اس موقع کو سیاسی طور پر خاص بنا دیا۔ ان کی اس پہل کے بعد یہ سوال زور پکڑنے لگا ہے کہ آیا خاندان کے اندر برسوں سے چلی آ رہی دوریاں اب کم ہو سکتی ہیں۔
تاہم پارٹی سطح پر واپسی کے حوالے سے صورتحال اب بھی غیر واضح ہے۔ تیج پرتاپ یادو اس سے قبل کھلے عام کہہ چکے ہیں کہ وہ راشٹریہ جنتا دل میں دوبارہ شامل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اس ضمن میں بھگود گیتا کی قسم بھی کھائی تھی۔ اس کے باوجود خاندانی معاملے پر ان کا رویہ پہلے کے مقابلے میں نرم دکھائی دے رہا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ برس 24 مئی کو تیج پرتاپ یادو کی جانب سے اپنے نجی تعلق کو منظر عام پر لانے کے بعد تنازع کھڑا ہو گیا تھا۔ اس کے اگلے ہی دن آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو نے انہیں پارٹی اور خاندان دونوں سے باہر کر دیا تھا۔ اس فیصلے کی حمایت نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بھی کی تھی۔
بعد ازاں تیج پرتاپ یادو نے اسمبلی انتخابات سے قبل ’جن شکتی جنتا دل‘ کے نام سے نئی سیاسی جماعت تشکیل دی۔ انہوں نے کئی نشستوں پر امیدوار اتارے، تاہم پارٹی کو انتخابات میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ تیج پرتاپ یادو خود بھی ویشالی ضلع کی مہوا اسمبلی سیٹ سے شکست کھا گئے تھے۔
ادھر رابڑی دیوی آج 67 برس کی ہو گئی ہیں۔ ان کی پیدائش یکم جنوری 1959 کو ضلع گوپال گنج میں ہوئی تھی۔ وہ 1997 سے 2005 تک بہار کی وزیر اعلیٰ رہیں اور ریاست کی پہلی اور تاحال واحد خاتون وزیر اعلیٰ ہیں۔ اس وقت وہ بہار قانون ساز کونسل میں قائد حزب اختلاف کے عہدے پر فائز ہیں۔
نئے سال اور سالگرہ کے اس موقع پر تیج پرتاپ یادو کی والدہ سے ملاقات کو محض ایک خاندانی واقعہ ہی نہیں بلکہ آنے والے دنوں میں بہار کی سیاست میں ممکنہ تبدیلیوں کے اشارے کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔