بہادر گنج سے کانگریس کے سابق ایم.ایل.اے توصیف عالم AIMIM میں شامل،صدر مجلس اسد الدین اویسی کی موجودگی میں لی ممبرشپ

Spread the love

انصاف ٹائمس ڈیسک

بہار کی سیاست میں ایک بڑا سیاسی الٹ پھیر دیکھنے کو ملا ہے۔ بہادرگنج اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے سابق ایم ایل اے اور ریاست کے قدآور لیڈر توصیف عالم نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کا دامن تھام لیا ہے۔ حیدرآباد سے رکن پارلیمان اور AIMIM کے قومی صدر بیریسٹر اسد الدین اویسی اور بہار کے صوبائی صدر اخترالایمان کی موجودگی میں انہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

توصیف عالم آئندہ بہار اسمبلی انتخابات میں بہادر گنج حلقے سے AIMIM کے امیدوار ہوں گے۔ اس موقع پر AIMIM بہار کے جنرل سکریٹری انجینئر آفتاب عالم اور AIMIM یوتھ وِنگ بہار کے صدر عادل حسن بھی موجود تھے۔

مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پارٹی آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے پوری طرح سرگرم ہو چکی ہے۔ اسی سلسلے میں 3 مئی 2025 کو ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، جس میں اسد الدین اویسی اور دیگر سینئر قائدین بہار کی عوام سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ 4 اور 5 مئی کو بھی بہار کے مختلف اضلاع میں AIMIM کے جلسے منعقد ہوں گے۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ توصیف عالم کا AIMIM میں شامل ہونا سیمانچل کی سیاست پر گہرا اثر ڈالے گا۔ یہ قدم خاص طور پر مسلم اکثریتی علاقوں میں AIMIM کی پکڑ کو مزید مضبوط کر سکتا ہے۔

مجلس کی بڑھتی سرگرمی اور سیمانچل کی سیاست میں اس تبدیلی نے بہار کے سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے۔ آئندہ دنوں میں دیگر پارٹیوں کی حکمت عملی پر اس کا اثر پڑنا طے ہے۔

Leave a Comment