کانگریس کے قومی سکریٹری اور براری اسمبلی حلقے سے مہاگٹھ بندھن کے امیدوار توقیر عالم نے منگل کے روز دہلی میں کانگریس کی جنرل سکریٹری محترمہ پرینکا گاندھی واڈرا سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج، انتخابی عمل اور ریاست کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
ملاقات کے بعد توقیر عالم نے بتایا کہ انہوں نے پرینکا گاندھی کو بہار انتخابات کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں، انتظامی مداخلت اور الیکشن کمیشن کے کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت نے انتخابات کو متاثر کرنے کے لیے جمہوری اقدار کو نظر انداز کیا۔
توقیر عالم کے مطابق بات چیت کے دوران پرینکا گاندھی نے بہار کے انتخابی نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا “ایسے نتائج کی توقع نہیں تھی۔ کانگریس کو اب عوام کے اصل مسائل پر مضبوطی سے اور لگاتار کھڑا ہونا ہوگا۔”
توقیر عالم نے اس ملاقات کے دوران سیمانچل کے مسائل پر بھی تفصیلی بات کرتے ہوئے کہا کہ کٹیہار اور سیمانچل میں کٹاؤ، بے گھری، بیروزگاری، ہجرت، تعلیم اور صحت کی بدتر حالت آج بھی جوں کی توں برقرار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران خواتین کے بینک کھاتوں میں مبینہ طور پر 10 ہزار روپے منتقل کیے جانے جیسے اقدامات نے انتخابی ماحول کو متاثر کیا اور رائے دہندگان کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
ملاقات میں توقیر عالم نے سیمانچل میں ڈگری کالج، بہتر اسپتال، روزگار کے مواقع اور ترقیاتی منصوبوں کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔
ملاقات کے بعد انہوں نے کہا “براری، پران پور، کٹیہار سمیت پورے سیمانچل کی ترقی کے لیے جو تحریک ہم نے انتخابات سے پہلے شروع کی تھی، وہ جاری رہے گی۔ عوام کے حقوق اور ترقی کے مسائل پر ہمارا جدوجہد کسی بھی صورت میں نہیں رکے گا۔”