خدمت ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام مدرسہ مصباح العلوم دانی میں تعلیمی بیداری کانفرنس بحسن خوبی اختتام پذیر

Spread the love

دربھنگہ (اِنصاف ٹائمس ڈیسک) خدمت ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ” کی جانب سے اشرف پور دانی میں تعلیمی بیداری کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں دو نشستیں منعقد ہوئیں پہلی نشست میں ‘آل دربھنگہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کوئز’ برائے طالبات شام چار بجے تا نماز مغرب منعقد کیا گیا جس میں قرب و جوار کے مدارس اور اسکولس کی ایک درجن سے زائد طالبات نے شرکت کی۔ یہ کوئز تین راؤنڈ پر مشتمل تھا جس میں اول پوزیشن معھد ام المؤمنین میمونہؓ للبنات اسراہا، دوم ماریہ بے بی پبلک اسکول جلوارہ جبکہ سوم پوزیشن معہد الصالحات جلوارہ کی طالبات نے حاصل کرکے اپنا گراں قدر انعامات حاصل کیں اور اپنے مدرسہ,اسکول,اساتذہ, والدین بالخصوص اپنی بستی کا نام روشن کیا۔
دوسری نشست بعد نماز مغرب تا 10 بجے رات منعقد ہوئی جس میں مختلف علماء کرام ، دانشوران قوم و ملت اور ماہرین تعلیم نے خطاب کیا
کانفرنس کے صدر جناب ڈاکٹر فراز فاطمی صاحب (سابق ایم ایل اے ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دور میں مسلمانوں کے لئے دو میدان بہت اہم ہے۔ پہلا میدان تعلیم کا اور دوسرا تجارت و کاروبار کا ہے۔ ان میں مسلمانوں کو خوب دلچسپی سے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت ہے۔ بعد ازاں
ڈاکٹر بدر عالم خاں صاحب (سابق پرنسپل سی-ایم لاء کالج) نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا زمانہ تخصصات و مہارت کا ہے آپ کسی بھی میدان میں مہارت و تخصص حاصل کرلیں گے تو کامیاب ہو جائیں گے ، ساتھ ہی آپ نے سامعین کے مختلف سوالات کے تشفی بخش جوابات بھی دیئے۔ اسی طرح پروفیسر نور اللہ صاحب نے جامع و کثیر الجہات تعلیم کی طرف توجہ دلائی جو کہ دل ، دماغ اور عقل تینوں کو غذا فراہم کرے۔ دربھنگہ شہر سے تشریف لائے ہوئے مہمان مکرم ڈاکٹر منور راہی صاحب (صدر بزم رہبر )نے اپنے خطاب میں سامعین و سامعات کو بچوں کی اعلی اخلاق اور عمدہ تربیت کی طرف توجہ دلائی اور کہا کہ تعلیم معاش کے لیے نہیں بلکہ ایک اچھا انسان بننے کے لئے حاصل کی جاتی ہے آج جہاں تعلیم عام ہوئی ہے وہیں ساتھ ہی اخلاقی فساد و سماجی بگاڑ بھی عام ہوا۔ اس لئے والدین و اساتذہ کو بچوں کی ذہنی ، فکری اور اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ مقرر ذی شان مفتی آفتاب عالم غازی صاحب (بانی معہد الصالحات، دربھنگہ) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی کوئز در اصل بچوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت و اخلاق سے واقفیت اور اس کو عملی زندگی میں برتنے کا جذبہ پیدا کرنے کے واسطے منعقد کیا جاتا ہے اگر اس پروگرام سے ہمارے اندر یہ جذبہ پیدا ہوا ہے تو ہم یقینا کامیاب ہیں۔ بعدہ خدمت ٹرسٹ کے سکریٹری و پروگرام کے کنوینر ایڈوکیٹ مفتی عبداللہ صاحب ندوی نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم اس پروگرام کے ذریعہ ایک طرف جہاں بچوں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کے مطالعہ کا ذوق پیدا کرنا چاہتے ہیں تو وہیں دوسری طرف اس تعلیمی بیداری کانفرنس کے ذریعہ سماج کے بچے اور بچیوں کو مختلف کیریئرز آپشنز سے واقف کروانا چاہتے ہیں تاکہ بچے بصیرت کے ساتھ اپنے لئے میدان عمل کا انتخاب کر سکیں جن سے ان کا مستقبل روشن ہو۔ ساتھ ہی کانفرنس کی ایک خاص پیشکش یہ رہی کہ ٹرسٹ کی جانب سے دانی پنچایت کے تمام نئے حفاظ و علماء اور ان طلبہ کی تشجیع و تہنیت کی گئی اور انعامات سے نوازا گیا جنہوں نے دسویں و بارہویں جماعت میں اول پوزیشن حاصل کیا تھا ساتھ ساتھ دانی پنچایت کی مختلف دینی ، علمی و سماجی شخصیات کو بھی مومینٹوز پیش کرکے ان کی عزت افزائی کی گئی جن میں مفتی خبیب احمد قاسمی ، مولانا ظفر احمد کیفی، ڈاکٹر عمیر ثاقب ، محند قیس عالم اور محمد اصغر علی وغیرہم قابل ذکر ہیں ۔
اخیر میں کانفرنس کے سرپرست جناب حضرت مفتی خبیب احمد صاحب قاسمی نے اپنا کلیدی خطبہ پیش کیا اور کانفرنس کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا پروگرام طلبہ و طالبات میں علمی ذو ق و شوق پیدا کرنے کے لئے ہر پنچایت میں ہونی چاہئے تاکہ طلبہ و طالبات میں علمی ماحول پیدا ہو۔ مولانا انعام الحق صاحب صدر مدرس ، مدرسہ مصباح العلوم، دانی کی دعا پر کامیابی و کامرانی کے ساتھ کانفرنس اختتام کو پہنچی۔
اس کانفرنس میں قرب و جوار سے تشریف لائے ہوئے علماء کرام و دانشوران کی ایک کثیر تعداد موجود تھی جن میں مفتی افتخار صاحب قاسمی ، مولانا مصطفیٰ صاحب سبیلی ، مولانا ظفر کیفی صاحب ، مولانا ضیاء الرحمن صاحب ندوی، مولانا رضاء الرحمن صاحب ندوی ، مولانا سرفراز صاحب ندوی ، مولانا اشرف صاحب مظاہری ، مولانا تنویر عالم صاحب قاسمی اور ڈاکٹر عمیر ثاقب صاحب وغیرہم قابل ذکر ہیں۔

Leave a Comment