اِنصاف ٹائمس ڈیسک
وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے اقلیتی سیل کے سابق ریاستی صدر اور بااثر سماجی و سیاسی لیڈر شمس عالم عرف گڈو نے ہفتہ کے روز اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کا دامن تھام لیا۔ یہ شمولیت پٹنہ میں منعقد ایک باوقار تقریب میں عمل میں آئی، جہاں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے خود انہیں پارٹی کی رکنیت دلائی۔
شمس عالم گڈو نے وی آئی پی پارٹی میں رہتے ہوئے اقلیتی طبقے میں ایک مضبوط سیاسی پہچان قائم کی تھی۔ ان کا شمار ریاست کے فعال اور زمینی سطح پر جڑے لیڈروں میں ہوتا ہے۔ اب آر جے ڈی میں شمولیت کے بعد انہوں نے اپنی نئی سیاسی اننگ کا اعلان کیا۔
اس موقع پر شمس عالم گڈو نے کہا "آر جے ڈی آج غریب، پسماندہ اور اقلیتوں کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ تیجسوی یادو میں بہار کا مستقبل نظر آتا ہے اور میں ان کی قیادت میں عوامی خدمت کے لیے پوری طرح پرعزم ہوں۔”
پروگرام میں موجود رکن قانون ساز کونسل قاری صہیب کی موجودگی نے تقریب کو مزید باوقار بنا دیا۔ وہ نہ صرف ایک معتبر مذہبی و سیاسی شخصیت ہیں بلکہ ریاست کی موجودہ سیاسی فضا میں ان کا اہم کردار تسلیم کیا جاتا ہے۔
تیجسوی یادو نے شمس عالم گڈو کا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں ایسے لیڈروں کی ضرورت ہے جو عوام کے بیچ کام کرتے ہوں، ان کی آواز بن سکیں۔ شمس عالم کی شمولیت سے پارٹی کو نئی توانائی ملے گی۔”
تقریب میں شمس عالم کے حامیوں نے جوش و خروش کے ساتھ نعرے بازی کی، ڈھول نگاڑوں کے ساتھ اپنے لیڈر کا پُرتپاک استقبال کیا اور "آر جے ڈی زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ماحول مکمل طور پر جشن کا تھا۔
سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ شمس عالم گڈو جیسے زمینی سطح پر متحرک لیڈر کی شمولیت آر جے ڈی کے اقلیتی ووٹ بینک کو مزید مستحکم کرے گی، اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے لیے سودمند ثابت ہو سکتی ہے۔
اس موقع پر مبارکباد پیش کرنے والوں میں راجد کے سابق مظفر پور سیکریٹری محمد سمیع، امجد جمالی، مولانا محمد جنید، ایوانِ ادب کے صدر ڈاکٹر مطیع الرحمن عزیز، جاوید اختر اور کئی دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔