اِنصاف ٹائمس ڈیسک
شاہین ایجوکیشن اکیڈمی، جو ہندوستان میں مسلم طلبہ کے لیے ایک نمایاں تعلیمی ادارے کے طور پر ابھر رہا ہے، نے بہار کے مظفرپور میں اپنی نئی برانچ کا افتتاح کیا۔ ادارے کے ڈائریکٹر عبدالقدیر نے 19 مارچ کو مظفرپور پہنچ کر اس تعلیمی مرکز کا افتتاح کیا، جہاں انہیں مقامی معززین نے پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر سابق وائس چیئرمین ضلع پریشد مظفرپور شاہ عالم شبو، بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے سیکریٹری اور ڈپٹی ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن بہار عبدالسلام انصاری، قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر محمد رفیع، تاج العارفین، محمد تاج الدین، نسیم اختر، محمد امان اللہ، وقار عالم، کارگزار صدر مظفرپور اشرف علی، سکرا بلاک سیکریٹری آصف علی اور دیگر معززین موجود تھے۔
افتتاحی تقریب کے دوران شاہ عالم شبو اور نسیم اختر نے عبدالقدیر کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد شاہین گروپ کے ڈائریکٹر عبدالقدیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا، "اب مظفرپور کے طلبہ کو بیدر جانے کی ضرورت نہیں، جو سہولتیں وہاں دستیاب تھیں، وہی اب یہاں بھی میسر ہوں گی۔ بیدر اب صفر کلومیٹر کی دوری پر ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ شاہین ایجوکیشن گروپ کا مقصد مسلم طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنا اور انہیں میڈیکل و انجینئرنگ جیسے مسابقتی امتحانات کے لیے بہترین ماحول مہیا کرنا ہے۔ "ہمارا مشن ہے کہ ہر ہونہار طالب علم کو وسائل اور رہنمائی دی جائے تاکہ وہ کامیابی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔”
اس موقع پر شاہ عالم شبو کی جانب سے ایک شاندار افطار کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف تعلیمی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، جن میں مولانا ذکی انور عرفانی، مکھیا عارف الرحمن عرف شبن، احتشام احمد قادری عرف پنکو بھائی، ابرار الحسن عرف لال بابو، محمد ذاکر، سابق سرپنچ ابوذر، ضیاء اللہ، مظفر حسین اور ہیریٹیج اسکول کے عہدیداران شامل تھے۔
شاہین ایجوکیشن گروپ پورے ہندوستان میں میڈیکل اور انجینئرنگ کی تیاری کے لیے ایک کامیاب تعلیمی ماڈل کے طور پر جانا جاتا ہے۔ مظفرپور میں اس کی برانچ کھلنے سے بہار کے طلبہ کو معیاری تعلیم اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔