وقف بل پر JDU کی حمایت سے ناراض سینئر رہنما اور سابق ایم.ایل.اے ماسٹر مجاہد عالم کا استعفیٰ

Spread the love

اِنصاف ٹائمس ڈیسک

جنتا دل یونائیٹڈ (JDU) کو اُس وقت بڑا سیاسی جھٹکا لگا جب پارٹی کے سینئر رہنما، کشن گنج سے سابق ایم ایل اے اور ضلع صدر ماسٹر مجاہد عالم نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کا یہ قدم حال ہی میں پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے متنازع وقف ترمیمی بل پر JDU کی جانب سے دی گئی حمایت کے خلاف بطور احتجاج سامنے آیا ہے۔

ماسٹر مجاہد عالم نے وقف بل کو مسلم طبقے کے اداروں اور حقوق پر سیدھا حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے JDU کے مؤقف سے شدید اختلاف ظاہر کرتے ہوئے اسے مسلم سماج کے جذبات کے خلاف بتایا اور پارٹی سے اپنے دیرینہ تعلقات ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

اس سے قبل بھی JDU کے کئی ضلع اور ریاستی سطح کے رہنما وقف قانون پر پارٹی کے رویے سے ناراض ہو کر استعفیٰ دے چکے ہیں، لیکن ماسٹر مجاہد عالم کا استعفیٰ اس لیے سب سے اہم مانا جا رہا ہے کیونکہ وہ نہ صرف وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے قریبی رہنماؤں میں شامل تھے بلکہ سیمانچل کی سیاست میں ان کا مضبوط اثر و رسوخ بھی ہے۔

بل پاس ہونے کے بعد بعد ماسٹر مجاہد عالم نے امارتِ شرعیہ، پھلواری شریف جا کر امیرِ شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی سے ملاقات بھی کیا تھا۔ اس ملاقات میں وقف قانون اور اس سے جڑی حساسیت پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس دوران انہوں نے مسلم معاشرے کے مذہبی و تعلیمی اداروں کے تحفظ اور حقوق کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا اور ممکنہ عوامی بیداری مہم پر بھی غور کیا۔

سیاسی حلقوں میں اب یہ بحث زور پکڑ رہی ہے کہ ماسٹر مجاہد عالم کا یہ فیصلہ بہار کی مسلم سیاست میں ایک نئی سمت اور بحث کو جنم دے سکتا ہے۔ ان کے آئندہ سیاسی قدم پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔

Leave a Comment