پٹنہ۔(پریس ریلیز/انصاف ٹائمس)۔سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی قومی جنرل سکریٹری محترمہ یاسمین فاروقی نے منی پور میں دو کوکی زو عیسائی قبائلی خواتین کے ساتھ جنسی تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ جن کی منی پور میں برہنہ پریڈ کی گئی اور اجتماعی عصمت دری کی گئی۔ یاسمین فاروقی نے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اس ظلم کو غیر انسانی اور مہذب معاشرے کیلئے ناگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں دائیں بازو کے فاشسٹ عورت کی وقار کو پامال کررہے ہیں۔ 4مئی کو پیش آنے والا گھناؤنا واقعہ 19جولائی کو وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد لوگوں کی توجہ میں آیاجس میں ایک بڑے ہجوم کو کوکی زو قبائلی خواتین کو برہنہ حالت میں دھان کے کھیت کی طرف اجتماعی عصمت دری کیلئے لے جاتا دکھایا گیا ہے۔ منی پور تشدد میں اب تک 100سے زائد لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور کروڑوں روپے کی املاک تباہ کردی گئی ہیں۔ جو لوگ اپنے گھر بار کھوچکے ہیں وہ ریلیف کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ منی پور میں امن قائم کرنے کیلئے حکام کی جانب سے کوئی مخلصانہ کوشش نہیں کی گئی ہے۔ ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری محترمہ یاسمین فاروقی نے اس بات پر زور دیکر کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت منی پور میں جاری نسلی تشدد پر اپنی انتہائی قابل مذمت خاموشی ختم کرے اور تشدد کے پیچھے مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں مثالی سزا دی جائے۔