26 مارچ کو پٹنہ میں ہونے والے وقف (ترمیمی) بل کے خلاف احتجاج کو SDPI کی مضبوط حمایت،شامل ہونگے کارکنان اور لیڈران – صوبائی صدر ڈاکٹر آفتاب عالم

Spread the love

انصاف ٹائمس ڈیسک

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، امارتِ شرعیہ اور دیگر تنظیموں کے زیرِ اہتمام 26 مارچ 2025 کو پٹنہ کے گردنی باغ میں وقف (ترمیمی) بل کے خلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جا رہا ہے۔اس سلسلے میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا بہار کے صوبائی صدر نے بیان جاری کر کہا کہ "سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) اس تاریخی احتجاج کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور پارٹی کے کارکنان پوری طاقت کے ساتھ اس میں شریک ہوں گے۔”

صوبائی صدر ڈاکٹر آفتاب عالم کا بیان:

صوبائی صدر ڈاکٹر آفتاب عالم نے کہا کہ "یہ احتجاج صرف وقف جائیدادوں کے تحفظ کا نہیں بلکہ اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے آئینی حقوق کے دفاع کی لڑائی ہے۔ وقف (ترمیمی) بل حکومت کی ایک خطرناک سازش ہے، جس کے ذریعے مسلمانوں اور دیگر کمزور طبقات کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ SDPI اس قانون کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔”

پارٹی کی ملک گیر مزاحمتی تحریک

ڈاکٹر آفتاب عالم نے بتایا کہ SDPI نہ صرف بہار بلکہ پورے ملک میں اس بل کے خلاف مضبوط تحریک چلا رہی ہے۔
-بہار کے ضلع پورنیہ میں SDPI نے رنگ بھومی میدان میں ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد کی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور وقف بل کے خلاف اپنی آواز بلند کی۔
-ریاست کے مختلف اضلاع میں SDPI نے کئی چھوٹے بڑے مظاہرے کیے، جن میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
-ملک بھر میں SDPI کی قیادت میں سینکڑوں احتجاجی مظاہرے اور کئی عظیم الشان کانفرنسیں منعقد کی گئیں، جن میں لاکھوں افراد نے حکومت کے اس ظالمانہ قانون کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا۔

پارٹی کے قومی قائدین بھی احتجاج میں ہوں گے شریک

ڈاکٹر آفتاب عالم نے اعلان کیا کہ SDPI کے قومی قائدین بھی 26 مارچ کو پٹنہ کے احتجاج میں شامل ہوں گے اور حکومت کو سخت پیغام دیں گے کہ وقف املاک پر قبضے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

عوام سے اپیل

صوبائی صدر ڈاکٹر آفتاب عالم نے مسلمانوں، درج فہرست ذاتوں/قبائل اور تمام سیکولر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 26 مارچ کو پٹنہ کے گردنی باغ میں ہونے والے اس تاریخی احتجاج میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں اور اپنے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں۔

اُنہوں نے کہاکہ "ہم تمام انصاف پسند اور آئینی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھنے والے شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس احتجاج میں شریک ہوں۔”

Leave a Comment