سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) نے بہار میں تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور توسیعی حکمتِ عملی کو تیز کرنے کے مقصد سے این یو عبدالسلام کو ریاستی انچارج مقرر کیا ہے۔ پارٹی قیادت کے اس فیصلے کا ریاست بھر میں عہدیداران اور کارکنان نے خیرمقدم کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق این یو عبدالسلام کو ان کے طویل سیاسی تجربے، تنظیمی صلاحیت اور سماجی انصاف کے مسائل پر فعال وابستگی کے پیشِ نظر یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وہ پارٹی میں مختلف عہدوں پر فائز رہتے ہوئے زمینی سطح پر تنظیم کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
اس تقرری پر صوبائی جنرل سکریٹری مجممّل حسن مظہری نے انہیں دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ این یو عبدالسلام کی دوراندیش قیادت میں بہار میں پارٹی کو نئی سمت اور توانائی ملے گی اور عوامی مفاد سے جڑے مسائل کو مزید مضبوطی کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔
مظہری نے کہا کہ یہ تقرری پارٹی قیادت کے ان پر گہرے اعتماد کی علامت ہے۔ ان کا تجربہ اور وابستگی ریاست میں تنظیمی توسیع کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی۔
پارٹی عہدیداران کا ماننا ہے کہ نئی ذمہ داری ملنے کے بعد بہار میں سماجی انصاف، جمہوری اقدار، اقلیتی حقوق اور محروم طبقات کے مسائل پر پارٹی کی سرگرمیاں مزید تیز ہوں گی۔ ساتھ ہی ضلع اور بلاک سطح تک تنظیم کو بااختیار بنانے کے عمل کو بھی رفتار دی جائے گی۔ ایس ڈی پی آئی کی اس اسٹریٹجک تقرری کو آئندہ سیاسی سرگرمیوں کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔