رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا،پہلا روزہ 2 مارچ بروز اتوار ہوگا

Spread the love

انصاف ٹائمس ڈیسک

مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا۔ لہٰذا، شعبان کا مہینہ 30 دن کا ہوگا، اور پہلا روزہ 2 مارچ 2025 بروز اتوار رکھا جائے گا۔

مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ کے قاضی شریعت حضرت مولانا محمد انظار عالم قاسمی صاحب نے اپنے اعلان میں بتایا کہ آج بروز جمعہ، 29 شعبان 1446 ہجری مطابق 28 فروری 2025 کو پھلواری شریف اور اس کے اطراف میں چاند نظر نہیں آیا۔ اس کے علاوہ، ملک کے کسی بھی علاقے سے چاند دیکھے جانے کی کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

چونکہ چاند نظر نہیں آیا، اس لیے شرعی اصولوں کے مطابق شعبان کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے، اور رمضان المبارک کا آغاز 2 مارچ 2025 بروز اتوار سے ہوگا۔ حضرت مولانا نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کے استقبال کی تیاری کریں اور 2 مارچ سے روزے رکھنے کا اہتمام کریں۔

اس موقع پر نائب قاضی شریعت اور کنوینر رویت ہلال کمیٹی، حضرت مولانا محمد مجیب الرحمن قاسمی نے بھی اس اعلان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امارت شرعیہ کی رویت ہلال کمیٹی نے تمام شرعی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ اور جھارکھنڈ کے مسلمانوں کی شرعی و دینی رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اور ہر سال رویت ہلال کے فیصلے میں شرعی اصولوں کو مدنظر رکھ کر اعلان کرتا ہے۔

اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو رمضان المبارک کی برکتوں سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

Leave a Comment