ایم، ایچ، احرار سوپولوی
اسلامک اسکالر، انڈیا
پٹنہ (پریس ریلیز/انصاف ٹائمس) 13، اپریل، 2023ء، مطابق: 21، رمضان المبارک 1444ھ، پونے چار بجے کے قریب "آل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈ” کے صدر اور دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ناظم حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی صاحب اس دار فانی سے دار بقا کی طرف رحلت فرما گئے۔ إنا لله و إنا إليه راجعون.
آپ کی رحلت پوری امت مسلمہ، بالخصوص آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ اور اہل علم حلقے کے لیے عظیم خسارہ ہے۔
آپ عربی اور اردو زبانوں میں تقریباً 30 سے زائد کتابوں کے مصنف تھے۔ مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی دار العلوم ندوۃ العلماء کے ساتھ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے چوتھے صدر، عالمی رابطہ ادب اسلامی ریاض (سعودی عرب) کے نائب صدر اور رابطہ عالم اسلامی مکہ مکرمہ کے رکن اساسی تھے۔
مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کی ولادت یکم اکتوبر 1929 کو رائے بریلی کے "تکیہ کلاں” میں ہوئی۔ ابتدائی تعلیم رائے بریلی میں مکمل کی۔ اعلی تعلیم کے لیے دار العلوم ندوۃ العلماء میں داخل ہوے۔ 1947ء میں ایک سال دار العلوم دیوبند میں قیام رہا۔ 1948ء میں دارالعلوم ندوۃ العلماء سے فضیلت کی سند حاصل کی۔ 1949ء میں تعلیم مکمل ہونے کے بعد دارالعلوم ندوۃ العلماء میں معاون مدرس طے ہوے۔ 1950-1951 کے دوران حجاز، سعودی عرب میں قیام رہا۔
1955ء میں دارالعلوم ندوۃ العلماء کے "کلیۃ اللغۃ العربیۃ” کے وکیل اور 1970ء میں "عمید کلیۃ اللغۃ” مقرر ہوے۔ آپ کو عربی زبان و ادب کی خدمات کے لیے مختلف اعزازات سے بھی نوازا گیا۔
1993ء میں دارالعلوم ندوۃ العلماء کے مہتمم بنائے گئے۔ 1999ء میں نائب ناظم ندوۃ العلماء اور 2000ء میں مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی میاں حسنی ندوی رحمہ اللہ کی وفات کے بعد ندوۃ العلماء کے ناظم مقرر ہوے۔ اس کے دو سال بعد جون، 2002ء میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سابق صدر مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی رحمہ اللہ کی وفات کے بعد حیدرآباد دکن میں متفقہ طور پر "آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ” کے صدر منتخب کیے گئے۔
آپ کی شخصیت گوناگوں خصوصیات کی حامل تھی۔ تمام مسالک اور مکاتب فکر کے ماننے والے آپ کا یکساں احترام کیا کرتے تھے۔ آپ دین کے داعی، اسلام کے سپاہی، حکیم و دانا، مدبر و منتظم، حق گو مجاہد اور امت مسلمہ ہندیہ کے مثالی قائد تھے۔
اللہ تعالیٰ آپ کی بال بال مغفرت فرمائے۔ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ جملہ پسماندگان اور متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور پوری امت مسلمہ کو آپ کا نعم البدل عطا فرمائے۔ آمین