انصاف ٹائمس ڈیسک
بھاکپا (مالے) کے سابق رکن اسمبلی منوج منجل کو پٹنہ ہائی کورٹ سے راحت نہیں ملی ہے۔ بھوجپور کے مشہور بڑگاؤں معاملے میں ضلعی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کے خلاف دائر اپیل کو ہائی کورٹ نے مسترد کرتے ہوئے نچلی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
اس فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بھاکپا مالے کے ریاستی سکریٹری کُنال نے اسے “بدقسمتی” قرار دیا اور کہا کہ پارٹی اب اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائے گی۔
کُنال نے الزام لگایا کہ یہ فیصلہ “سیاسی دباؤ میں لیا گیا” معلوم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا، “منوج منجل اور ہمارے دیگر ساتھیوں کو جھوٹے مقدمے میں پھنسا دیا گیا۔ جس شخص کے قتل کا الزام ان پر لگایا گیا تھا، اس کی لاش تک برآمد نہیں ہوئی، اس کے باوجود سب کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔”
مالے لیڈر نے اس فیصلے کو “غریبوں اور مزدوروں کے رہنماؤں کو دبانے کی سازش” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے لیے یہ لڑائی عدالت سے لے کر عوام تک جاری رہے گی۔
کُنال نے بہار اور بھوجپور کی عوام سے اپیل کی کہ وہ “انصاف اور سچائی کے ساتھ کھڑے ہوں” اور “ان طاقتوں کو انتخاب میں سخت جواب دیں” جو غریبوں کے رہنماؤں کو سزا دلانے کی سازش کر رہی ہیں۔