نتیش حکومت کا بڑا تحفہ:55,845 اساتذہ کو ملا تقرری نامہ، سی ایم بولے–”تعلیم ہماری اولین ترجیح”

Spread the love

اِنصاف ٹائمس ڈیسک

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ریاست کے نوجوانوں کو ایک بڑا تحفہ دیا۔ ہفتہ کے روز پٹنہ میں واقع وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ کے "سمواد” ہال میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں 55,845 پرائمری اساتذہ سمیت کل 59,028 اساتذہ کو تقرری نامے دیے گئے۔ اس بھرتی عمل کے تحت 2,532 سیکنڈری اور 651 ہائر سیکنڈری اساتذہ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "ہماری حکومت تعلیم کے شعبے میں مستقل اصلاحات کے لیے پرعزم ہے۔ ان نئے اساتذہ کی تقرری بہار کے مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گی۔”

وزیر تعلیم کو سخت ہدایت
تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے اسٹیج پر موجود وزیر تعلیم سنیل کمار کو ہدایت دیتے ہوئے کہا، "آپ لوگ وزیر ہیں، ذرا کھڑے ہو جائیے… ہر جگہ معاملات کو درست طریقے سے سنبھالیے۔” اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے تمام وزراء اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے محکموں میں کام کو منظم اور مؤثر طریقے سے انجام دیں۔

اساتذہ کو ملا ‘ویشیشٹ شکشک’ کا درجہ
تمام تقرر شدہ اساتذہ کو ریاستی ملازمین کے طور پر ‘ویشیشٹ شکشک’ (خصوصی استاد) کا درجہ دیا گیا ہے۔ اس بھرتی کے ذریعے بہار کی تعلیمی نظام کو مزید مضبوط کرنے اور لاکھوں طلبہ کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔

اس موقع پر اساتذہ میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔ ایک تقرر شدہ استاد نے کہا، "ہمیں طویل عرصے سے اس موقع کا انتظار تھا، آج ہمارا خواب پورا ہوا۔ اب ہم بہار کی نئی نسل کو معیاری تعلیم دینے کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔”

بہار حکومت کے اس اقدام کو تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ریاست کے لاکھوں طلبہ کو معیاری تعلیم اور اساتذہ کو باعزت کیریئر کے مواقع ملیں گے۔

Leave a Comment