راشٹرگیت کے دوران نتیش کمار کی حرکت پر ہنگامہ، تیجسوی یادو نے بتایا ’شرمناک‘

Spread the love

اِنصاف ٹائمس ڈیسک

بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ ایک سرکاری تقریب کے دوران راشٹرگیت (قومی ترانہ) کے دوران بات چیت اور ہنسی مذاق کرتے نظر آ رہے ہیں۔ اس واقعے پر اپوزیشن نے سخت اعتراض جتاتے ہوئے وزیراعلیٰ پر راشٹرگیت کی بے حرمتی کا الزام لگایا ہے۔

یہ واقعہ پٹنہ میں منعقدہ سیپاک ٹکرا ورلڈ کپ کے افتتاحی تقریب کا ہے، جہاں قومی ترانے کے دوران نتیش کمار ریاست کے چیف سیکریٹری دیپک کمار سے بات چیت اور ہنسی مذاق میں مصروف نظر آئے۔ چیف سیکریٹری نے انہیں محتاط انداز میں کھڑے ہونے کا اشارہ کیا، لیکن وزیراعلیٰ نے بات چیت جاری رکھی۔

اپوزیشن کا سخت ردعمل

اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے کہا "راشٹرگیت کی بے حرمتی سے آج بہار شرمندہ ہے۔ نتیش کمار نے بہاریوں کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ وہ ریاست کے سربراہ ہیں، ان کا یہ رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔”

اسمبلی میں ہنگامہ، کارروائی ملتوی

بہار اسمبلی میں بھی اس معاملے پر شدید ہنگامہ آرائی دیکھنے کو ملی، جس کی وجہ سے اسپیکر نند کشور یادو نے ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی۔

نتیش کمار کا دفاع، جے ڈی یو کا جواب

دوسری طرف جنتا دل یونائیٹڈ (JDU) کے لیڈر نیرج کمار نے وزیراعلیٰ کا دفاع کرتے ہوئے کہا "نتیش کمار ایک مجاہد آزادی کے بیٹے ہیں، انہیں راشٹرگیت کے احترام کا درس دینے کی کسی کو ضرورت نہیں۔”

دیگر رہنماؤں کا ردعمل

سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اوادھیش پرساد نے بھی اس واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا،
"جس طرح راشٹرگیت کے دوران بہار کے وزیراعلیٰ بات چیت میں مشغول تھے اور ہاتھ کے اشارے کر رہے تھے، یہ انتہائی شرمناک ہے۔”

حکومت کی خاموشی، تنازعہ جاری

اس تنازعے کے بیچ، وزیراعلیٰ نتیش کمار کی طرف سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم، اپوزیشن مسلسل ان سے معافی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ریاست میں سیاسی ماحول مزید گرما گیا ہے اور یہ معاملہ مزید طول پکڑ سکتا ہے۔

Leave a Comment