انصاف ٹائمس ڈیسک
بہار کے ضلع مظفرپور کے کرجا تھانہ علاقہ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں درگا پوجا میلہ دیکھ کر لوٹ رہی 12 سالہ نابالغ دلت لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ چھٹی جماعت کی طالبہ متاثرہ کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے اور اسے علاج کے لیے مظفرپور میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔
متاثرہ کے والد کے مطابق، ان کی بیٹی اپنی سہیلیوں کے ساتھ درگا پوجا کا میلہ دیکھنے گئی تھی۔ میلہ دیکھ کر واپس آتے ہوئے، بائیک سوار چار نوجوانوں نے اسے اغوا کر لیا اور ایک باغیچے میں لے جا کر اس شرمناک واردات کو انجام دیا۔ بچی کی سہیلیوں نے بھاگ کر گھر والوں کو واقعہ کی اطلاع دی، جس کے بعد اہل خانہ باغیچے کی طرف بھاگے۔
والد نے بتایا، “جب ہم وہاں پہنچے تو بیٹی بے ہوش پڑی ہوئی تھی۔ اسے فوراً کرجا پی ایچ سی (پرائمری ہیلتھ سنٹر) لے جایا گیا، لیکن حالت نازک ہونے کی وجہ سے اسے مظفرپور میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس محکمہ میں کھلبلی مچ گئی۔ دیہی ایس پی (Rural SP) راجیش کمار پربھاکر نے بتایا کہ متاثرہ اور اہل خانہ کے بیان کی بنیاد پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔ ان سے پوچھ گچھ جاری ہے
ایس پی نے مزید بتایا کہ واقعہ کے بعد سے دیگر ملزمان فرار ہیں، جن کی تلاش میں مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس اس پورے معاملہ کی گہرائی سے چھان بین کر رہی ہے۔ اس گھناؤنی واردات کے بعد سے علاقے میں سنسنی پھیلی ہوئی ہے اور لوگ سکتے میں ہیں۔ معاملے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔