ای.ڈی نے ایس.ڈی.پی.آئی کے قومی صدر ایم.کے فیضی کو دہلی ایئرپورٹ سے کیا گرفتار

Spread the love

اِنصاف ٹائمس ڈیسک

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے پیر کی رات دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس.ڈی.پی.آئی) کے قومی صدر ایم.کے فیضی کو منی لانڈرنگ کے معاملے میں گرفتار کر لیا۔ انہیں منی لانڈرنگ ایکٹ (PMLA) کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔

ای ڈی کی ٹیم نے 28 فروری کو کیرالہ میں فیضی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا، جہاں ان کے مالی لین دین سے متعلق دستاویزات کی جانچ کی گئی۔ تحقیقاتی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ ایس.ڈی.پی.آئی سے جڑے مالی معاملات میں بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں، جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔

ایس.ڈی.پی.آئی پورے ملک میں سرگرم جماعت

ایس ڈی پی آئی بھارت کی ایک متحرک سیاسی جماعت ہے جو کئی ریاستوں میں اپنی مضبوط موجودگی رکھتی ہے۔ خاص طور پر کیرالہ، کرناٹک، تمل ناڈو، مغربی بنگال اور جھارکھنڈ میں اس کے کارکنان بڑی تعداد میں میونسپل اور مقامی بلدیاتی انتخابات جیت چکے ہیں۔ ملک کے کئی شہروں میں ایس.ڈی.پی.آئی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں پر بھی اس کے نمائندے موجود ہیں۔

مسلم اور دیگر پسماندہ طبقات کے مسائل پر سب سے زیادہ متحرک جماعت

ایس.ڈی.پی.آئی کو بھارت میں مسلمانوں کے مسائل پر سب سے زیادہ سرگرم سیاسی جماعت مانا جاتا ہے۔ حال ہی میں، وقف جائیدادوں کے تحفظ کے لیے ایس.ڈی۔پی.آئی نے ملک بھر میں سینکڑوں احتجاجی مظاہرے اور درجنوں بڑے کنونشن منعقد کیے ہیں۔ اس کے علاوہ، یہ جماعت دلت (ایس سی/ایس ٹی)، سکھ اور عیسائی برادری کے مسائل پر بھی مؤثر طریقے سے کام کر رہی ہے۔

ای ڈی کی اس کارروائی کے بعد ایس.ڈی.پی.آئی کا باضابطہ ردعمل تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔

Leave a Comment