مہاگٹھ بندھن کی دہلی میٹنگ: بہار انتخابات 2025 کے لیے تیاریوں میں تیزی، 17 اپریل کو پٹنہ میں ہوگی فیصلہ کن بیٹھک

Spread the love

انصاف ٹائمس ڈیسک

بہار اسمبلی انتخابات 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں مہاگٹھ بندھن نے اپنی حکمت عملی کو تیز کر دیا ہے۔ منگل کو دہلی میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر ایک اہم میٹنگ ہوئی، جس میں قائدِ حزبِ اختلاف تیجسوی یادو، کانگریس لیڈر راہل گاندھی، کے سی وینوگوپال، بہار کانگریس صدر راجیش کمار اور انچارج کرشنا الاورو و ممبر پارلیمنٹ منوج کمار جھا سمیت دیگر سینئر لیڈران شریک ہوئے۔

میٹنگ کے بعد تیجسوی یادو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہاگٹھ بندھن پوری طاقت کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا، "ہماری میٹنگ مثبت رہی۔ ہم 17 اپریل کو پٹنہ میں ایک اور میٹنگ کریں گے، جس میں سیٹوں کی تقسیم اور انتخابی حکمت عملی پر بات ہوگی۔”

وزیراعلیٰ کے چہرے پر تاحال اتفاق نہیں

میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے امیدوار کو لے کر بھی بات ہوئی، لیکن تیجسوی یادو نے اس پر واضح جواب دینے سے گریز کیا اور کہا، "آپ لوگ پریشان نہ ہوں، ہم آپس میں بیٹھ کر اس کا فیصلہ کر لیں گے۔” وہیں کانگریس کی جانب سے بھی اب تک وزیراعلیٰ کے امیدوار پر کوئی حتمی رائے سامنے نہیں آئی ہے۔ کانگریس انچارج کرشنا الاورو نے کہا کہ اس معاملے پر وقت آنے پر فیصلہ لیا جائے گا۔

17 اپریل کو پٹنہ میں ہوگی فیصلہ کن میٹنگ

مہاگٹھ بندھن کی اگلی میٹنگ 17 اپریل کو پٹنہ میں منعقد ہوگی، جس میں راشٹریہ جنتا دل، کانگریس، سی پی آئی ایم ایل سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے۔ اس میٹنگ میں سیٹ بٹوارہ، مشترکہ انتخابی مہم اور وزیر اعلیٰ کے چہرے جیسے اہم امور پر بات چیت متوقع ہے۔

مہاگٹھ بندھن کی یکجہتی پر زور

میٹنگ میں شامل تمام لیڈروں نے مہاگٹھ بندھن کی یکجہتی پر زور دیا اور کہا کہ آئندہ انتخابات میں این ڈی اے کو شکست دینے کے لیے تمام پارٹیاں متحد ہو کر کام کریں گی۔ تیجسوی یادو نے کہا، "ہمارا مقصد بہار میں ایک مضبوط اور ترقی پسند حکومت بنانا ہے جو عوام کی توقعات پر پورا اترے۔”

Leave a Comment