مدارس اسلامیہ اور عصری تقاضے، ایک مطالعہ

Spread the love

۔محمد ضیاء العظیم قاسمی ،برانچ اونر ضیائے حق فاؤنڈیشن پٹنہ موبائل نمبر 7909098319

مدارس اسلامیہ اور عصری تقاضے ڈاکٹر محمد حفظ الرحمن کی ایک شاہکار تصنیف ہے جو اردو ڈائریکٹوریٹ کی اشاعتی امداد سے شائع کی گئی ہے ۔
کتاب دیکھ کر ہی مصنف محترم کی کاوش اور محنت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔
دو سو صفحات پر مشتمل اس کتاب کی کمپوزنگ نورالدین محمد قاسمی نے کی، اس کی طباعت سن 2021 میں ہوئی، تین سو روپے کی یہ کتاب مرکز المعارف حضرت بشارت کریم سیتا مڑھی بہار، اور مدرسہ بحر العلوم مظفر پور بہار سے حاصل کی جا سکتی ہے ۔
مصنف نے کتاب دو حصوں میں تقسیم کی ہے ،
حصہ اول (نصاب تعلیم) جس میں پانچ عناوین ہیں،
فہرست عناوین حصہ اول
1 موجودہ علمی تحدیاں اور مدارس اسلامیہ
2 مشترکہ تعلیمی لائحہ
3 تخصص فی الاساسیہ
4 تخصص فی الإقتصاد
5 تخصص فی علم الاجتماع

حصہ دوم میں (مشورے اور گزارشیں) گیارہ عناوین ہیں،

فہرست عناوین حصہ دوم
1 انگریزی کے اساتذہ کی قلت کا مسئلہ
2 فارسی کتب سے استفادہ میں مشکلات
3 انگریزی داں علماء اور مدارس ومساجد
4 نصاب میں تبدیلی کے مثبت اثرات
5 اتحاد ملت اور مدارس اسلامیہ
6 ہماری ترجیحات میں تبدیلی ضروری
7 مدارس اسلامیہ اور عصری تعلیم
8 اسلامی اقامت خانہ کا قیام
9 دینی وأخلاقی تربیت
10 مدارس اور مسجد کی نام گزاری
11 اختتامیہ

مصنف نے کتاب کا انتساب اپنے والدین کے نام کیا ہے ۔
کتاب کی تقریظ مشہور ومعروف اور مقبول عالم دین مولانا احمد بیگ ندوی، سابق استاذ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ ،اور ماہر تعلیم مولانا بدیع الزماں ندوی قاسمی بانی و مہتم جامعہ فاطمہ للبنات مظفر پور،بہار نے لکھی ہے، جس میں مصنف کے طرز تحریر، اسلوب تحریر، اور خاصیت تحریر کا بہترین جائزہ لیتے ہوئے مثبت تاثرات سے نوازتے ہوئے ان موضوعات پر اپنے اطمنان کا اظہار کیا ہے ۔
بعدہ سطور اولین میں مصنف محترم نے ہندوستان کی قدیم تاریخ (1857) میں ہندوستانی تہذیب وثقافت کے ساتھ ساتھ تعلیم پر اس کے مرتب ہونے والے اثرات کا تذکرہ کیا ہے،
نیز کتاب میں شامل مضامین، وجہ تالیف وتصنیف، اور ان تمام دوست واحباب، خویش واقارب کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے اس تصنیفی سفر میں ان کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آخری عنوان اختتامیہ میں مجموعی طور پر کتاب کے تمام مضامین کا خلاصہ پیش کرنے کی کوشش کی ہے، انہوں نے مدارس اسلامیہ کی اہمیت و افادیت اور موجودہ دور میں اس کی ضرورت و مقاصد کے سلسلے میں بڑی خوبصورتی کے ساتھ دلچسپ پیرائے میں مدلل بیان کرکے اس تصنیف کو با مقصد بنانے کی بھر پور سعی کی ہے ۔
یقیناً انسانوں کی ترقی وکامیابی تعلیم میں پوشیدہ ہے، تعلیم وہ زیور ہے جو طرز زندگی، اصول بندگی، اور سلیقۂ زیست سے متعارف کراتا ہے ۔
دنیا کے تمام علوم وفنون کی اصل اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو وہ قرآن مجید کی تعلیمات اور اس کے مفاہیم ہیں، اللہ رب العزت نے اس کے نزول کے آغاز ہی میں تعلیم کی ترغیب دلائی ہے، اور تعلیم کا مقصد صرف یہ ہے کہ معرفت الہی پیدا ہو جائے، تعلیم خواہ جو بھی ہو لیکن اس کے حصول کا مقصد معرفت الہی ہو یہی تقاضۂ تعلیم ہے ۔سیدنا ابوالبشر آدم علیہ السلام کو اشرف المخلوقات بناتے ہوئے فرشتوں کو سجدے کا حکم دیا، اس کا پس منظر بھی تعلیم ہی ہے ۔ "مدارس اسلامیہ اور عصری تقاضے”اس تصنیف میں موصوف محترم نے مدارس اسلامیہ کی تعلیمات کے ساتھ ساتھ ان کے تعلیمی نصاب پر بھی گفتگو کی ہے، اور ساتھ یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ مدارس اسلامیہ کے نصاب میں عصری تقاضوں کے پیش نظر ترمیم واضافہ کی اشد ضرورت ہے اور یقیناً آپ نے جن پہلوؤں کی نشاندہی کی ہیں ان پر اہل مدارس کو غور وفکر کے ساتھ ساتھ مستقل اور مستقبل کے لئے لائحۂ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ مدارس اسلامیہ کے طلبہ وطالبات دنیاوی معلومات کی نا واقفیت کی بنا پر احساس کمتری کا شکار نہ رہیں ۔
عام طور پر مدارس اسلامیہ میں طلبہ وطالبات کے لیے جن علوم دینیہ کو نصاب میں شامل کیا جاتا ہے ان میں شعبۂ حفظ و قرأت،دینیات ،عالمیت کورس کے دوران قرآن مجید، تفسیر قرآن، احادیث، فقہ، اصول فقہ، منطق فلسفہ، تاریخ وسیرت، عربی، اردو، فارسی زبان وادب وغیرہ ہے، جبکہ چند مدارس نے عصری بنیادی تعلیم کا بھی نظم ونسق کیا ہے ،ابتدائی انگریزی، ہندی، اور حساب وغیرہ کی بھی تعلیم دے رہے ہیں جو کہ ایک اچھی پہل اور شروعات ہے،
لیکن یہ نصاب تعلیم اور نظام تعلیم موجودہ دور کے لئے ناکافی ہے، بلکہ اس میں ترمیم واضافہ کی ضرورت ہے، ان سب باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مدلل اورمثبت انداز میں ایک لائحۂ عمل تیار کیا جانا چاہیے ۔
کتاب کا ایک اقتباس ملاحظہ فرمائیں جس سے کتاب کے مضامین ومفاہیم اور مقاصد با آسانی سمجھے جا سکتے ہیں ۔۔۔
اقتباس ۔۔۔۔ "میڈیکل کالج اور مینیجمینٹ کالج میں ملکی قانون کا کچھ حصہ پڑھایا جاتا ہے،لیکن اس کی تدریس کے لئے وہی حصے منتخب کئے جاتے ہیں جو ان حضرات کے کیریئر میں معاون ہو سکتے ہیں، کیونکہ قانون کو درس میں شامل کرنے کا مقصد یہاں عدالتوں کے لئے وکلاء اور ججز فراہم کرنا نہیں بلکہ قانون سے ناواقفیت ان کے اپنے میدان میں جن نقصانات کا باعث ہو سکتی ہے ان سے بچانا ہوتا ہے”
پس اسی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے مشترکہ تعلیمی لائحہ میں ایک ایسی کتاب تصنیف کرکے نصاب میں شامل کیا جانا چاہئے جو اس ضرورت کو پوری کر سکے۔
اس کتاب میں آئین ہند کے چند اہم ابواب جیسے بنیادی حقوق (fundamental rights)، بنیادی فرائض (fundamental duties)، رہنما اصول (directive principles) اور کچھ اہم دفعات، اس کے علاوہ سول کوڈ اور کرمنل کوڈ کا بنیادی فرق، پرسنل لاء اور سول کوڈ کی قانونی حیثیت، وقف ایکٹ اور اوقاف مینیجمینٹ کا قانونی و انتظامی طریقۂ کار، پرائیویٹ ڈیفینس کی اہمیت اور قانونی حدود وغیرہ اجمالی طور پر شامل ہوں۔ اسی کے ساتھ یہ ضروری ہوگا کہ سول پروسیجر اور کرمنل پروسیجر کی مکمل معلومات انہیں فراہم کیا جائے اور ایف آئی آر اور استغاثہ کی عملی مشق کرا دی جائے، تاکہ فارغین مدارس امت کے تحفظ کا کام بہتر طور پر ادا کر سکیں اور ہر سطح پر اوقاف کی حفاظت کرنے اور انھیں نفع بخش بنانے کا کام منظم طور پر انجام پانے لگے۔
تجربہ کار قانون دانوں کی نگرانی میں ایسی کتاب تیار کی جانی چاہئے اور پھر بدلتے ہوئے وقت کے ساتھ اس کی تجدید بھی ہوتی رہے، تاکہ قانون میں آئی ترمیم اسے بے فائدہ نہ کردے۔۔۔
مزید کتاب کے مضامین کو سمجھنے کے لئے کتاب کا مطالعہ ضروری ہے، اہل علم ودانشوران سے ہماری گزارش ہے کہ اس کتاب کا مطالعہ کرکے مدارس اسلامیہ کے تئیں جن پہلوؤں پر نشاندہی کی گئی ہیں ان پر توجہ دے کر مدارس اسلامیہ کی تعلیم کو مضبوط ومستحکم بنانے کی کوشش کی جائے ۔
ہم اپنی جانب سے اور ضیائے حق فاؤنڈیشن کی جانب سے مصنف کی اس کاوش پر انہیں مباکباد پیش کرتے ہیں اور ان کے حق میں دعا گو ہیں کہ اللہ ان کی اس تصنیف کو قبول فرمائے، آمین ثم آمین

Leave a Comment