انصاف ٹائمس ڈیسک
جبل پور سے نند-بھابھی کے رشتے سے جڑا ایک چونکانے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ایک خاتون اپنی ہی نند کی محبت میں گھر اور خاندان کو چھوڑ کر فرار ہوگئی۔ شوہر نے بیوی کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی، جس کے بعد پولیس تفتیش میں نند اور بھابھی کی رومانوی چیٹنگ کا انکشاف ہوا۔
معلومات کے مطابق، امرپاتن کے رہائشی آشوتوش نے سات برس قبل سندھیا سے لو میرج کی تھی۔ دونوں کا ایک پانچ سالہ بیٹا بھی ہے۔ بچے کی تعلیم کے لئے کچھ وقت پہلے یہ خاندان جبلپور شفٹ ہوگیا تھا۔ اسی دوران آشوتوش کی مميری بہن مانسی کا گھر آنا جانا شروع ہوا۔ بات چیت اور ساتھ وقت گزارنے کے سبب سندھیا اور مانسی کے درمیان نزدیکی بڑھتی گئی۔
12 اگست کو سندھیا اچانک گھر سے لاپتہ ہوگئی۔ اگلے دن وہ ریلوے اسٹیشن پر ملی اور کچھ دن شوہر اور بیٹے کے ساتھ رہی۔ تاہم، 22 اگست کو وہ موبائل گھر پر چھوڑ کر باہر نکلی اور واپس نہیں آئی۔
بعد میں جب شوہر نے بیوی کا فون کھنگالا تو اس میں نند اور بیوی کے درمیان رومانوی چیٹنگ دیکھ کر وہ دنگ رہ گیا۔ اس کے بعد اُس نے گھماپور تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی۔
اے ایس پی سوریہ کانت شرما نے بتایا کہ خاتون اپنا موبائل گھر پر چھوڑ گئی ہے، جس کی وجہ سے اس کی لوکیشن ٹریس کرنے میں دشواری ہو رہی ہے۔ تاہم، پولیس کو کچھ تکنیکی شواہد ملے ہیں اور انہی کی بنیاد پر دونوں کی تلاش جاری ہے۔
یہ معاملہ پورے علاقے میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔