پٹنہ (اِنصاف ٹائمس ڈیسک) امارت شرعیہ بہاراڈیشہ وجھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ کی جانب سےحضرت امیر شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کی ہدایت پر امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم حضرت مولانامحمدشبلی القاسمی کی قیادت میں بینی پور ڈی ایس پی، ایس ڈی او اوربہیڑہ تھانہ کےذمہ داران سےامارت شرعیہ کےاعلی سطحی وفدنےحالیہ فرقہ وارانہ تصادم کی بابت ملاقات کی ۔اوروہاں کے تمام احوال کا جائزہ لیا، امن و امان کی بحالی اور عام زندگی کو معمولات پر لانے کے تعلق سے سرکاری افسران سے تبادلہ خیال کیا گیا ،خاطیوں کی سزا اور بے قصوروں کی رہائی پر بینی پور سب ڈویژن کے ڈی ایس پی اور ایس ڈی او محترم سےحادثہ کے تمام پہلؤں پرتفصیل سے باتیں ہوئیں ۔عام لوگ رات میں پولس کی دبش سےخوف ودہشت میں مبتلاء ہیں اس سےانظامیہ گریزکرے، اس پورےمعاملےمیں کسی کی بےجاگرفتاری نہ ہو، اسےیقینی بنایاجائے، جوخاطی اور قصوروار ہیں ان کو سزادی جائے ۔اور جو بےگناہ ہیں انہیں محفوظ ومامون رکھا جائے۔
مذکورہ باتیں امارت شرعیہ کےقائم مقام ناظم حضرت مولانامحمدشبلی القاسمی اورجناب مولانااحمدحسین قاسمی مدنی معاون ناظم امارت شرعیہ نے سرکاری افسران کے سامنےکہیں۔
وفدامارت شرعیہ نےجلدازجلدحالات کوپہلےجیسابنانے کی غرض سےسرکاری انظامیہ کو جانبین سے امن وشانتی کمیٹی بلاکر حالات کو بہتر بنانے کی ہدایت دی ۔اور مزید قائم مقام ناظم جناب مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے ڈی ایس پی سے کہا کہ آپ حضرات کے کندھوں پر امن کی بحالی اور عوام کی سلامتی کی عظیم ذمہ داری ہے، آپ بنفس نفیس متاثرہ علاقوں میں جا کر لوگوں کو اطمینان دلائیں اور خوف و دہشت کے ماحول سےانہیں باہر نکالیں ۔
اس موقع پر امارت شرعیہ کے وفد نے متأثرین اورعام لوگوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان سے احوال معلوم کیےگئے اور امارت شرعیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایاگیا۔اور اب تک کی گئیں کاروائیوں سے انہیں مطلع کیا گیا۔ لوگوں کو صبر و حوصلےاور اسلامی اخلاق و کردار کے ساتھ زندگی گزارنے کی ترغیب دی گئی۔
واضح ہو کہ دربھنگہ کے مڑیا گاؤں اوربینی پور بلاک کےبہیڑہ میں بالترتیب سرسوتی پوجاکے مورتی ویسرجن کےموقع پر فرقہ پسند عناصر کے ذریعے حالات کشیدہ ہو گئے تھے ۔اوروہاں کاماحول ناسازگار ہو گیا تھا ۔
امارت شرعیہ کے مرکزی دفتر میں واقعہ کےبعد جوں ہی اس کی اطلاع ملی امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم اور اس کے ذمہ داران حرکت میں آگئے۔ اورحالات کو قابو میں کرنے کے لیےمسلسل اعلی حکام اورسرکاری افسران سے رابطے کا عمل جاری ہے۔
مجموعی طور پر مذکورہ دونوں مقامات پر حالات قابو میں ہیں البتہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ شناخت شدہ افراد کی تلاش جاری ہے ۔