ہریدوار:روشن علی شاہ بابا کی مزار پر انتظامیہ کی کارروائی

Spread the love

اِنصاف ٹائمس ڈیسک

ہریدوار میں سرکاری زمینوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کی مہم کے تحت انتظامیہ نے بہادرآباد گنگا نہر پٹری پر بنی سیّد بابا روشن علی شاہ درگاہ کو منہدم کر دیا۔ یہ کارروائی پیر کے روز کی گئی، جس کے دوران مسلم برادری کے کچھ افراد نے احتجاج کیا۔ صورت حال پر قابو پانے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کر کے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔

ایس ڈی ایم پورن سنگھ رانا نے بتایا کہ گنگا نہر پٹری پر غیر قانونی طور پر مزار تعمیر کی گئی تھی، جسے حکومت، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت ہٹایا گیا۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کو ہدایت دی ہے کہ مستقبل میں اس زمین پر دوبارہ کوئی تجاوزات نہ ہونے پائے۔

سی او (صدر) نہاریکا سیموال نے کہا کہ غیر قانونی ڈھانچوں کو ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ گنگا نہر پٹری سے تجاوزات ہٹانے کے دوران احتیاطی تدابیر کے طور پر سیکیورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا تاکہ قانون و انتظام برقرار رہے۔

یہ کارروائی اتراکھنڈ میں سرکاری زمینوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کی وسیع مہم کا حصہ ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سرکاری جائیدادوں پر غیر قانونی تعمیرات، چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتی ہو، برداشت نہیں کی جائیں گی۔

اس واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری زمینوں پر غیر قانونی تعمیرات سے گریز کریں اور قانون کی پاسداری کریں۔

Leave a Comment