بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ اودے سنگھ کو جَن سُورَاج پارٹی کا پہلا قومی صدر مقرر کیا گیا، پرشانت کشور نے کیا اعلان

Spread the love

اِنصاف ٹائمس ڈیسک

جَن سُورَاج پارٹی کے بانی پرشانت کشور نے آج پریس کانفرنس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ اودے سنگھ المعروف پپو سنگھ کو پارٹی کا پہلا قومی صدر مقرر کیا گیا، پرشانت کشور نے اعلان کیا۔ یہ قدم پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور آئندہ بہار اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کو تیز کرنے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

اودے سنگھ نے 2004 اور 2009 میں پرنیا لوک سبھا سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات جیت کر رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ تاہم 2014 میں انہیں اس سیٹ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 2019 میں انہوں نے بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور پرنیا سیٹ سے لوک سبھا انتخابات لڑے لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔

جن سُورَاج پارٹی کا قیام 2 اکتوبر 2024 کو ہوا تھا، مگر پارٹی کے پاس ابھی تک مستقل قومی صدر نہیں تھا۔ پرشانت کشور نے آج اودے سنگھ کو اس عہدے پر تعینات کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا، "اب وقت آ گیا ہے کہ میں پارٹی کی ذمہ داریوں سے کچھ بوجھ ہلکا کروں۔ اودے سنگھ نے جن سُرَاج کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی عمر اور تجربے کو دیکھتے ہوئے، کور کمیٹی نے انہیں قومی صدر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔”

نئے قومی صدر کے طور پر اودے سنگھ نے کہا، "میری والدہ نے 1977 میں سیاست میں قدم رکھا تھا، اور تب سے میں نے سیاست کو قریب سے دیکھا ہے۔ پرشانت کشور میں بہار کے لیے جو جذبہ ہے، اسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔” انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جن سُورَاج پارٹی کا مرکزی دفتر ان کے پٹنہ میں واقع گھر پر ہے، جو ان کے اس تحریک میں مرکزی کردار کو ظاہر کرتا ہے۔

پرشانت کشور نے کہا کہ اب وہ پارٹی کے تنظیمی کام سے ہٹ کر عوامی رابطہ مہم پر توجہ مرکوز کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اودے سنگھ، آر سی پی سنگھ اور دیگر سینئر رہنماؤں کو پارٹی کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ اودے سنگھ کی تقرری سے جن سُورَاج پارٹی کو بہار کی سیاست میں ایک مضبوط تیسرا آپشن کے طور پر ابھرنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

Leave a Comment