فتنہ و ارتداد کے دور میں ایمان کی روشنی: جامعہ اسلامیہ مظفرپور میں مفتی عبیداللہ اسعدی کا خطاب آج مغرب بعد ہوگا

Spread the love

انصاف ٹائمس ڈیسک

موجودہ پُرآشوب دور میں جب ایمان و عقیدہ پر فکری حملے ہو رہے ہیں، ایسے میں اہلِ علم کی رہنمائی کو انتہائی اہمیت حاصل ہے۔ انہی مقاصد کے تحت جامعہ اسلامیہ مظفرپور، زکریا کالونی، سعدپورہ میں 15 جون 2025 بروز اتوار بعد نماز مغرب تا عشاء ایک عظیم الشان علمی و روحانی اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے، جس سے فقہ اکیڈمی انڈیا کے سکریٹری اور جامعہ عربیہ ہتھوڑہ، باندہ (یوپی) کے شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی سید عبیداللہ اسعدی بصیرت افروز خطاب فرمائیں گے۔

جامعہ کے بانی و مہتمم مفتی محمد جمال اکبر مظفرپوری نے پریس کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ حضرت مفتی عبیداللہ اسعدی ان دنوں بہار کے ایک مختصر مگر بامقصد دعوتی دورے پر تشریف لا رہے ہیں، اور مظفرپور میں ان کی یہ مجلس موجودہ فتنوں کے مقابل ایمان و یقین کو مضبوط کرنے کا ایک سنہرا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت اسعدی جیسی کہنہ مشق علمی شخصیت کی موجودگی اور ان کی رہنمائی ملت کے لیے سرمایہ افتخار ہے۔

مفتی جمال اکبر نے زور دے کر کہا کہ آج کا دور ارتداد، فکری انحراف، سوشل میڈیا کی گمراہیوں اور دینی کمزوریوں سے بھرا ہوا ہے۔ نوجوان نسل تیزی سے دین کی اصل روح سے کٹتی جا رہی ہے۔ ایسے میں اہلِ حق اکابرین کی صحبت اور ان کی تعلیمات سے وابستگی ہی واحد راستہ نجات ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ مظفرپور کا مشن محض درسِ نظامی کی تعلیم تک محدود نہیں بلکہ اس کا اصل مقصد دینی شعور، فکری بصیرت، اور روحانی تربیت کو عام کرنا ہے۔ اسی لیے ایسے علما کی میزبانی کی جاتی ہے جو اعتدال، سچائی اور بصیرت کے ساتھ ملت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔

مفتی جمال اکبر نے والدین، اساتذہ، علما، دینی اداروں کے ذمہ داران، طلبہ اور عام مسلمانوں سے پُر خلوص اپیل کی ہے کہ وہ اس مجلس میں بھرپور شرکت کریں اور حضرت مفتی عبیداللہ اسعدی کے ایمان افروز خطاب سے فائدہ اٹھائیں۔

یہ اجلاس جامعہ اسلامیہ مظفرپور کے مرکزی احاطے میں بعد نماز مغرب تا عشاء منعقد ہوگا، جس میں شہر و اطراف کے معزز علما، دانشوران، دینی و سماجی شخصیات، طلبہ اور عوام الناس کی شرکت متوقع ہے۔

Leave a Comment