چراغ پاسوان لڑیں گے بہار اسمبلی انتخاب، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ میں ہوا بڑا فیصلہ

Spread the love

اِنصاف ٹائمس ڈیسک

بہار کی سیاست میں ایک نئی ہلچل شروع ہو چکی ہے۔ لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے قومی صدر اور مرکزی وزیر چراغ پاسوان اب خود بہار اسمبلی انتخابات لڑیں گے۔ یہ اعلان پارٹی کی پارلیمانی بورڈ کی ایک اہم میٹنگ کے بعد سامنے آیا، جہاں 2025 کے اسمبلی انتخابات کو لے کر پارٹی کی حکمت عملی پر تفصیل سے غور کیا گیا۔

حال ہی میں منعقدہ لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں، ارکان اور عہدیداروں نے متفقہ طور پر یہ تجویز منظور کی کہ چراغ پاسوان کو آئندہ اسمبلی انتخابات میں امیدوار بنایا جائے گا۔ اس میٹنگ میں یہ بھی طے پایا کہ پارٹی این ڈی اے اتحاد کے تحت وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں انتخابات لڑے گی

پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ چراغ پاسوان کا میدان میں اترنا نہ صرف پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کا حصہ ہے بلکہ یہ کارکنان کو متحد اور پرجوش رکھنے کی کوشش بھی ہے۔ میٹنگ میں طے ہوا کہ تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرتے ہوئے زمینی سطح پر عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی۔

میٹنگ میں چراغ پاسوان کی قیادت میں ’بہار فرسٹ، بہاری فرسٹ‘ وژن دستاویز کو انتخابی ایجنڈے کا مرکز بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس ایجنڈے میں نوجوانوں کو روزگار، تعلیم میں بہتری، خواتین کی حفاظت اور مقامی ترقی جیسے مسائل کو ترجیح دی جائے گی۔

لوک سبھا انتخابات میں پانچوں نشستوں پر جیت کے بعد لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) نے اسمبلی انتخابات کے لیے 40 سے زیادہ نشستوں پر دعویداری پیش کی ہے۔ پارٹی کا ماننا ہے کہ زمینی حمایت اور نوجوان چہرے کی شکل میں چراغ کی مقبولیت کی بنیاد پر انہیں زیادہ نشستیں مل سکتی ہیں۔

چراغ پاسوان کے اس فیصلے نے اپوزیشن کو بھی چوکنا کر دیا ہے۔ آر جے ڈی نے اسے این ڈی اے کی اندرونی کھینچا تانی قرار دیا ہے۔ وہیں لوک جن شکتی پارٹی کے کارکنان اسے نئی شروعات مان رہے ہیں اور ریاست بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی تیاری میں ہیں۔

لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کی پارلیمانی بورڈ میٹنگ سے نکلے اس فیصلے نے بہار اسمبلی انتخابات 2025 کی فضا کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ اب سب کی نظریں اس پر ٹکی ہیں کہ چراغ پاسوان کس اسمبلی حلقے سے انتخاب لڑیں گے اور ان کی امیدواری این ڈی اے کی مجموعی حکمت عملی میں کیسے فٹ بیٹھتی ہے۔

Leave a Comment