اِنصاف ٹائمس ڈیسک
بہار پبلک سروس کمیشن (BPSC) کی 70ویں مشترکہ مقابلہ جاتی امتحان میں پیپر لیک کے الزامات پر دائر عرضیوں کو سپریم کورٹ نے بدھ کے روز خارج کر دیا ہے۔ عدالت نے 25 اپریل کو ہونے والے مین امتحان پر روک لگانے سے بھی صاف انکار کر دیا۔
جسٹس دیپنکر دتہ اور جسٹس منموہن کی بنچ نے عرضیوں کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ امتحان کو منسوخ کرنے یا تمام امیدواروں کے لیے دوبارہ امتحان منعقد کرانے کے لیے کوئی فیصلہ کن ثبوت موجود نہیں ہیں۔
عرضی گزاروں کی طرف سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ابتدائی امتحان کا پرچہ لیک ہوا تھا، جس سے امتحان کی شفافیت پر سوال اٹھتے ہیں۔ تاہم عدالت نے اس بنیاد کو کمزور قرار دیا اور کہا کہ بغیر پختہ ثبوتوں کے کمیشن کی کارروائی کو روکا نہیں جا سکتا۔
اگرچہ اس فیصلے کے بعد سوشل میڈیا پر کئی طلبہ اور تنظیموں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیپر لیک کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات ہونی چاہیے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات پر قابو پایا جا سکے۔