اِنصاف ٹائمس ڈیسک
میرٹھ کی مسکان کیس کے بعد اب بجنور میں بھی ایک ایسا لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے جس نے سب کو چونکا دیا ہے۔ یہاں ایک بیوی نے اپنے محبوب سے ملنے کی خواہش میں شوہر کو ہی راستے سے ہٹا دیا۔ یہ واقعہ اتر پردیش کے ضلع بجنور کے نجیب آباد علاقے کا ہے، جہاں ریلوے ڈیپارٹمنٹ میں تعینات ایک ٹیکنیشن کی گلا دبا کر بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔
مقتول نجیب آباد ریلوے اسٹیشن پر تعینات تھا۔ سب سے پہلے اس کی بیوی نے دعویٰ کیا کہ اس کے شوہر کو ہارٹ اٹیک آیا ہے، لیکن جب پوسٹ مارٹم رپورٹ آئی تو پولس بھی حیران رہ گئی — رپورٹ میں گلا گھونٹ کر قتل کی تصدیق ہوئی۔
مقتول کے بھائی نے نجیب آباد تھانے میں اپنی بھابھی اور ایک نامعلوم شخص کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کروایا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ خاتون کے کسی اور مرد کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے، اور اسی کے ساتھ زندگی گزارنے کی خواہش میں اس نے یہ خونریز قدم اٹھایا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ بنی ٹرننگ پوائنٹ
ابتداء میں معاملہ قدرتی موت کا لگ رہا تھا، لیکن جیسے ہی میڈیکل رپورٹ سامنے آئی، ساری حقیقت کھل گئی۔ رپورٹ میں واضح طور پر گلا گھونٹ کر قتل کی بات کہی گئی ہے۔ اس کے بعد پولیس نے بیوی سے سختی سے تفتیش کی، جس میں کئی چونکا دینے والے حقائق سامنے آئے۔
پولیس کی تفتیش جاری
محبوب کی تلاش میں چھاپے
فی الحال پولیس نے ملزمہ بیوی کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے، اور اس کے مبینہ عاشق کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق، جلد ہی اس کیس میں مزید انکشافات ہو سکتے ہیں۔
رشتوں کی بنیاد پر اٹھتے سوالات
یہ واقعہ صرف ایک قتل نہیں، بلکہ رشتوں کی سچائی اور اعتماد پر بڑا سوال ہے۔ ایک طرف شوہر اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے ادا کر رہا تھا، اور دوسری طرف بیوی نے اپنے مفاد میں اس کی جان لے لی۔