اِنصاف ٹائمس ڈیسک
کشمیر کے پہلگام علاقے میں منگل، 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے میں بہار کے سپوت منیش رنجن مشرا نے اپنی جان قربان کر دی۔ منیش حیدرآباد میں ایکسائز ڈپارٹمنٹ میں انسپکٹر کے عہدے پر فائز تھے اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کشمیر گئے تھے۔
حملے کے وقت منیش اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ موجود تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی، منیش نے فوری بہادری اور ہوش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے خاندان کو ایک محفوظ جگہ پر چھپا دیا۔ مگر جب دیکھا کہ دہشت گرد قریب آ رہے ہیں اور خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، تو انہوں نے خود کو آگے کر کے دہشت گردوں کا دھیان اپنی طرف مبذول کرایا، تاکہ ان کا خاندان بچ سکے۔ اس دوران وہ گولی لگنے سے شہید ہو گئے۔
مقامی پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے موقع پر حالات کو قابو میں لیا، لیکن اس حملے نے ایک بار پھر وادی کی نازک صورتحال کو نمایاں کر دیا ہے۔ بہار کے ضلع مظفرپور سے تعلق رکھنے والے منیش مشرا کی بہادری کو پورے ملک میں خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
منیش کی اس قربانی کو سوشل میڈیا پر بھی سراہا جا رہا ہے اور لوگ انہیں "اصل ہیرو” قرار دے رہے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ان کے اہل خانہ کو مالی امداد اور نوکری دینے کا اعلان جلد متوقع ہے۔