بہار کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ ریاست میں دسمبر 2025 سے مارچ 2026 کے درمیان مختلف محکموں میں بڑے پیمانے پر سرکاری بھرتیاں ہونے جا رہی ہیں۔ تعلیم، صحت، پولیس، محکمہ جنگلات اور تکنیکی خدمات سمیت کئی شعبوں میں لاکھوں آسامیوں پر تقرری کا عمل شروع کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت جنوری 2026 میں میگا ویکنسی کیلنڈر جاری کرنے کی تیاری میں ہے۔
بہار ٹیکنیکل سروس کمیشن (BTSC) کی جانب سے سال 2025 کے لیے 1907 آسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ان میں ہاسٹل مینیجر، ڈینٹل ہائجینسٹ، ورک انسپکٹر سمیت دیگر تکنیکی عہدے شامل ہیں۔ کمیشن کے مطابق ان آسامیوں کے لیے درخواست کا عمل جاری ہے۔
محکمہ تعلیم میں بھی بڑی تعداد میں تقرریوں کی تجویز دی گئی ہے۔ بہار پبلک سروس کمیشن (BPSC) کے تحت TRE 4.0 کے ذریعے 27 ہزار سے زائد اساتذہ کی بحالی کی جائے گی۔ امکان ہے کہ اس کا اشتہار جنوری 2026 میں جاری کیا جائے گا۔ اسے ریاست کی سب سے بڑی اساتذہ بھرتی مہمات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، بہار پولیس اور ہوم گارڈ میں 20 ہزار سے زائد آسامیوں پر نئی بھرتی کا اعلان کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، اس کا نوٹیفکیشن جنوری سے فروری 2026 کے درمیان جاری ہو سکتا ہے۔ اس بھرتی سے ریاست کی قانون و انتظام کی صورتحال کو مزید مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
بہار کے محکمہ جنگلات میں بھی بھرتی کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ محکمہ کی جانب سے فارسٹ گارڈ، ڈرائیور سمیت کل 2856 آسامیوں پر تقرری کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جس کے لیے محکمانہ سطح پر کارروائی شروع ہو چکی ہے۔
اس کے علاوہ، بہار اسٹاف سلیکشن کمیشن (BSSC) کی جانب سے 12 ہزار سے زائد آسامیوں پر میگا بھرتی لانے کی تیاری ہے۔ ان میں کلرک، جونیئر انجینئر، اسسٹنٹ انجینئر سمیت دیگر عہدے شامل ہوں گے۔
ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ جنوری 2026 میں جاری ہونے والے میگا ویکنسی کیلنڈر سے تمام آنے والی بھرتیوں کی ٹائم لائن واضح ہو جائے گی۔ ماہرین کے مطابق، آئندہ تین مہینوں میں بہار میں سرکاری ملازمتوں کی اب تک کی سب سے بڑی بھرتی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔