بہار کے ڈپٹی سی.ایم سمراٹ چودھری کا اپوزیشن پر بڑا حملہ: ‘عوام کی بھلائی کے لیے کبھی کام نہیں کیا

Spread the love

انصاف ٹائمس ڈیسک

بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی رہنما سمراٹ چودھری نے حزب اختلاف کی جماعتوں پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی عوامی مفاد میں کوئی سنجیدہ کام نہیں کیا۔ انہوں نے خاص طور پر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ جماعتیں صرف اقتدار کی سیاست کرتی رہی ہیں، جبکہ عوامی ترقی اور فلاح و بہبود کو ہمیشہ نظرانداز کیا ہے۔

سمراٹ چودھری نے کہا "اپوزیشن جماعتوں نے بہار کی عوام کے لیے کبھی کوئی مضبوط قدم نہیں اٹھایا۔ ان کی سیاست صرف ووٹ بینک تک محدود رہی ہے، جبکہ ہماری حکومت وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں ریاست کی ترقی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔”

انہوں نے واضح کیا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی قیادت وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہی کریں گے۔
سمراٹ چودھری نے کہا "نتیش کمار 1996 سے این ڈی اے کے لیڈر ہیں اور آگے بھی رہیں گے۔ ان کی قیادت میں بہار نے ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔”

آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو پر طنز کرتے ہوئے سمراٹ چودھری نے انہیں "بچہ” قرار دیا جو دوسروں کے لکھے ہوئے اسکرپٹ پڑھتے ہیں۔
انہوں نے کہا "تیجسوی کو یہ اندازہ ہی نہیں کہ نتیش کمار نے بہار کے لیے کیا کچھ کیا ہے، وہ صرف وہی پڑھتے ہیں جو انہیں دیا جاتا ہے۔”

بہار اسمبلی میں حال ہی میں تیجسوی یادو اور سمراٹ چودھری کے درمیان سخت لفظی جھڑپ ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے خاندان پر الزامات عائد کیے۔ حالات یہاں تک پہنچے کہ اسمبلی اسپیکر کو مداخلت کرنی پڑی۔

سمراٹ چودھری نے کہا "اپوزیشن صرف خواب دکھاتی ہے، لیکن بہار کی عوام اب ترقی چاہتی ہے، جو نتیش کمار کی قیادت میں ممکن ہو رہا ہے۔”

Leave a Comment