صنعت اور روزگار پر نتیش حکومت کا بڑا داؤ — پہلی کابینہ میٹنگ میں 10 تجاویز منظور، اسمبلی اجلاس یکم سے 5 دسمبر تک

نئی این ڈی اے حکومت کے قیام کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں منگل کو چیف سکریٹریٹ میں پہلی کابینہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں مجموعی طور پر 10 اہم تجاویز کو منظوری دی گئی۔ حکومت نے واضح اشارہ دیا کہ آئندہ کارِدور میں صنعت، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا اس کی اولین ترجیح ہوگی۔

میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں کے مطابق ریاست میں بڑے پیمانے پر صنعتی ڈھانچہ قائم کیا جائے گا۔ نئے انڈسٹریل کلسٹر قائم کرنے اور پرانے صنعتی علاقوں کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ دفاعی راہداری (ڈیفنس کوریڈور)، سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ پارک، گلوبل کیپبلیٹی سینٹرز، میگا ٹیک سٹی اور فِن ٹیک سٹی کی تیاری کے منصوبے پر تیزی سے کام شروع کیا جائے گا۔ اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے پالیسی میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی، تاکہ نوجوان کاروباریوں کو فنڈنگ، تربیت اور مارکیٹ تک آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔

میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ 2020 سے 2025 کے درمیان 50 لاکھ نوجوانوں کو ملازمت اور روزگار فراہم کیا گیا ہے، جبکہ 2025 سے 2030 کے درمیان 1 کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بہار کو مشرقی ہندوستان کا نیا ٹیکنالوجی حب بنانے کی سمت کام شروع ہو چکا ہے اور ریاست کو ’’گلوبل بیک اینڈ حب‘‘ اور ’’گلوبل ورک پلیس‘‘ کے طور پر فروغ دیا جائے گا۔

چینی صنعت کے احیا سے متعلق بھی کابینہ نے اہم فیصلہ لیا۔ ریاست میں نئی شوگر ملوں کے قیام اور بند ملوں کو دوبارہ چلانے کی پالیسی منظور کر لی گئی۔ شہری ترقی اور ٹیکنالوجی کی سمت ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے بہار آرٹیفیشل انٹیلیجنس مشن کے قیام کی تجویز پر بھی مہر ثبت کی گئی۔

تمام منصوبوں کے نفاذ کی نگرانی کے لیے چیف سکریٹری کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین شامل ہوں گے اور کمیٹی چھ ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

کابینہ نے 1 سے 5 دسمبر تک بہار اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی تجویز کو منظوری دے کر گورنر کو ارسال کر دیا ہے۔ اس اجلاس میں نو منتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری، اسپیکر کا انتخاب اور حکومت کا اعتماد کا ووٹ شامل ہوگا۔

کابینہ کے اہم فیصلے — ایک نظر میں

ریاست میں بڑے پیمانے پر صنعتوں کے قیام کا فیصلہ

نئے انڈسٹریل کلسٹر اور پرانے صنعتی علاقوں کا احیا

ڈیفنس کوریڈور اور سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ پارک کی سمت پیش قدمی

گلوبل کیپیبلیٹی سینٹر، میگا ٹیک اور فِن ٹیک سٹی بنانے کی تجویز

اسٹارٹ اپ پالیسی میں ترمیم، نوجوان کاروباریوں کو سہولت

نئی شوگر ملوں کا قیام اور بند ملوں کی بحالی

بہار آرٹیفیشل انٹیلیجنس مشن کا قیام

صنعت اور روزگار کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل

2025–30 تک 1 کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کے ہدف کا اعادہ

1 تا 5 دسمبر اسمبلی اجلاس بلانے کی منظوری

پہلی کابینہ میٹنگ کے فیصلوں نے صاف ظاہر کر دیا ہے کہ نتیش حکومت ترقی کے نئے ماڈل کو نافذ کرتے ہوئے روزگار اور سرمایہ کاری کو اپنے انتخابی ایجنڈے کے مرکز میں رکھے گی۔ اب نگاہیں اس بات پر مرکوز ہیں کہ ان منصوبوں کے زمینی نفاذ کی رفتار کتنی تیز رہتی ہے۔

کانپور میں تنتر-منتر کے نام پر حیوانیت: نو بیاہتا خاتون کے برہنہ پوجا اور جنسی استحصال کے سنگین الزامات

اتر پردیش کے کانپور سے ایک نہایت چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے، جس

ایران پر ایٹمی حملے کا خدشہ: اقوام متحدہ کے نمائندے محمد صفا کے الزامات سے عالمی تشویش میں اضافہ

لبنانی نژاد انسانی حقوق کے کارکن محمد صفا نے اقوام متحدہ کی کارکردگی پر سنگین

چھ سال بعد پہلی عبوری راحت: بھائی کی شادی میں شرکت کے بعد شرجیل امام دوبارہ تہاڑ جیل لوٹ گئے

تقریباً چھ برس سے جیل میں قید جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر اور