ویلفیئر پارٹی کے وفد نے مقتول کے ورثہ سے کیا اظہار تعزیت
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے ایک وفد جس کی قیادت پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے کی، ماب لنچنگ میں ہلاک محمد اسرار کے گھر سندر نگری (دہلی) جاکر ان کے ورثا سے تعزیت کی اور اظہار ہمدردی کیا۔
ان کے گھر پر ان کی چار بہنیں اور دیگر رشتہ دار موجود تھے، اس کے علاوہ پڑوس کے کئی لوگ بھی موجود تھے۔ ان کی بہنوں نے تفصیل سے بتایا کہ ان کا بھائی ذہنی طور پر بالکل ٹھیک تھا، یہ الزام غلط ہے کہ وہ ذہنی طور پر معذور تھا۔ وہ بہت سیدھا سادہ اور شریف النفس تھا، وہ بے روزگار تھا البتہ کبھی کبھی چھوٹی چھوٹی مزدوریاں کرلیا کرتا تھا۔ محلے کے قریب گنیش کی مورتیوں کو سجا کر اس کی پوجا ہورہی تھی وہ بھی ادھر سے گزا۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے مورتی کے سامنے پڑے ہوئے پرساد میں سے ایک کیلا اٹھاکر کھالیا۔ اس پر چوری کا الزام لگاکر وہان موجود لڑکوں نے بجلی کے کھمبے سے باندھ کر اس کی بے دردی سے پٹائی شروع کردی،وہ پانی مانگتا رہا لیکن کسی نے اسے دو گھونٹ پانی تک نہیں دیا۔ وہ اادھ مری حالت میں رات بھر پڑا رہا، دوسرے دن بھی لوگ وہان سے گزرتے رہے لیکن بعض راہ گیر یہ سمجھ کر کہ شاید کوئی شراب کے نشے میں مدھوش شخص پڑا ہے کوئی توجہ نہیں دی۔ شام میں ہمارے علاقے کا ایک شخص ادھر سے گزرا تو اس نے اسے پہچان لیا لیکن جب اسے گھر لایا گیا تب تک اس کی موت ہوچکی تھی- میرا بھائی ایک رات اور ایک دن ادھ مری حالت میں پڑا رہا، پانی مانگتا رہا نہ کسی نے اسے بچانے کی کوشش کی اور نہ ہی کسی نے رحم کھا کر دو گھونٹ پانی دیا، یہ کہہ کراس کی ہمشیرہ رونے لگی۔
ڈاکٹر الیاس نے بہنوں کو تسلی دی اور کہا کہ آپ کی فیملی کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہوا ہے، آپ کا اکلوتا ایک ہی بھائی تھا۔ ہم پوری کوشش کریں گے کہ آپ کے ساتھ انصاف ہو، یقیناً اب مرنے والا تو واپس نہیں آسکتا لیکن جن لوگوں نے یہ ظالمانہ اور بہیمانہ حرکت کی انھیں کیفر کردار تک پہنچانا ہم لوگوں کی پہلی کوشش ہونی چاہیے۔ پارٹی اس سلسلہ میں آ پ لوگوں کی ہر طرح سے مدد کرے گی جس میں قانونی مدد بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا پولس اسے چوری کی واردات پر ہوا ایک ردعمل کے ظاہر کررہی ہے، حالانکہ یہ نتیجہ ہے ہندتوا عناصر کی جانب سے پھیلائے گئے اس فرقہ وارانہ زہر کا جو ھندو سماج کے نوجوانوں کی رگوں میں تیزی کے ساتھ سرایت کرتا جارہا ہے۔ اس موقعہ پر ابتدائی ضروریات کے لئے پارٹی نے متاثرہ خاندان کی مالی اعانت بھی کی۔
وفدمیں قومی صدر کے ساتھ ویلفیئر پارٹی دہلی ریاستی اکائی کے جنرل سیکرٹری محمد عارف اخلاق، اوکھلا اسمبلی حلقہ کے سیکرٹری محمد کیف، محمد شفیق اور سیماپوری اکائی کے پارٹی کارکنان محمد اکرم اور محمد لئیق موجود تھے