بھارت حکومت کا تمام اسمارٹ فونز میں ریاستی سائبر سکیورٹی ایپ Sanchar Saathi کو پری انسٹال کرنے کا حکم تنازع کا باعث بن گیا ہے۔ روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق، ایپل اس حکم کی تعمیل نہیں کرے گا اور حکومت کو نجی طور پر اپنی مخالفت سے آگاہ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔
حکومت نے ایپل، سام سنگ اور ژیومی کو ہدایت دی ہے کہ وہ 90 دنوں کے اندر تمام نئے اسمارٹ فونز میں یہ ایپ پری انسٹال کریں۔ ایپ چوری شدہ فونز کو ٹریک کرنے، ان کے غلط استعمال کو روکنے اور جعلی IMEI سے ہونے والے فراڈ کو کم کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔
ایپل کا کہنا ہے کہ یہ حکم iOS پلیٹ فارم کی سکیورٹی اور پرائیویسی کے لیے خطرناک ہے۔ کمپنی اس معاملے کو عوامی سطح پر نہیں اٹھائے گی اور نہ ہی عدالت کا رخ کرے گی۔
حکم کے بعد سیاسی حلقوں میں بھی ہلچل مچ گئی۔ حزب اختلاف کے رہنما راہول گاندھی نے کہا کہ وہ اس معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔ کانگریس کے جنرل سیکرٹری کے.سی وینوگوپال نے ٹوئٹ کیا، “Big Brother cannot watch us۔”
ٹیلیکام وزارت کا کہنا ہے کہ ایپ چوری شدہ یا بلیک لسٹ شدہ فونز کی فروخت روکنے اور جعلی IMEI سے ہونے والے غلط استعمال کو روکنے میں مدد کرے گی۔ مرکزی وزیر برائے مواصلات جیوترادیہ سنڈیا نے واضح کیا کہ ایپ اختیاری ہے اور صارف اسے ہٹا سکتے ہیں۔
تاہم، CPI(M) رکن پارلیمنٹ جان برٹاس نے کہا کہ پری انسٹال ایپ حقیقت میں اختیاری نہیں ہوتی، خاص طور پر ان لاکھوں صارفین کے لیے جن کی ڈیجیٹل سمجھ محدود ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ یہ حکم بھارت میں شہریوں کے رئیل ٹائم ٹریسبلیٹی نیٹ ورک کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔
ایپل کے علاوہ، سیم سنگ اور ژیومی ابھی بھی اس حکم کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ایپل بھارت میں اینٹی ٹرسٹ کیس کا سامنا کر رہا ہے اور مبینہ طور پر اسے 38 بلین ڈالر تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے Sanchar Saathi کو “سنوپنگ ایپ” قرار دیا اور شہریوں کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کہا۔ جبکہ بی جے پی کا کہنا ہے کہ ایپ صرف صارفین کی حفاظت کے لیے ہے اور اس کی ذاتی ڈیٹا تک رسائی نہیں ہے۔
سنچار ساتھی ایپ اور ویب سائٹ دونوں پر دستیاب ہے۔ یہ صارفین کو چوری شدہ فون بلاک کرنے، اپنے نام سے منسلک تمام موبائل کنکشنز چیک کرنے، فراڈ رپورٹ کرنے اور فون ٹریک کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ ایپ iOS اور اینڈرائیڈ دونوں پلیٹ فارمز پر ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے اور فون کے IMEI نمبر کا استعمال کرتی ہے۔