اِنصاف ٹائمس ڈیسک
احمد آباد سے لندن گیٹوک ایئرپورٹ جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز AI-171 جمعرات کی دوپہر ٹیک آف کے کچھ ہی منٹ بعد میگھانی نگر کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گئی۔ یہ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارہ تھا جس میں کل 242 افراد سوار تھے، جن میں 230 مسافر اور 12 عملے کے ارکان شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق، اس طیارے میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی بھی سوار تھے۔ ان کی صحت یا حالات کے بارے میں فی الحال کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
ابتدائی معلومات اور فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق، طیارہ ٹیک آف کے تقریباً پانچ منٹ بعد ریڈار سے غائب ہو گیا۔ پرواز نے 600 فٹ کی بلندی حاصل کی، لیکن اچانک نیچے آنا شروع ہو گیا اور پھر زمین سے ٹکرا گیا۔ یہ واقعہ ایئرپورٹ کے قریب رہائشی علاقے میں پیش آیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق، انہوں نے تیز دھماکہ سنا، خوفناک آگ بھڑک اٹھی اور سیاہ دھوئیں کے بادل آسمان میں بلند ہوتے دیکھے۔ جائے حادثہ کے مناظر نہایت ہولناک تھے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، پولیس اور این ڈی آر ایف (NDRF) کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، اور بچاؤ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
ریاست کے وزیراعلیٰ بھوپندر پٹیل نے صورتحال کا جائزہ لیا، جبکہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی ریاستی حکام سے رابطہ کر کے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
ایئر انڈیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے "پرواز AI-171، جو احمد آباد سے لندن گیٹوک جا رہی تھی، آج حادثے کا شکار ہو گئی۔ ہم تفصیلات اکٹھا کر رہے ہیں اور مسافروں کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔”
حادثے کی ڈی جی سی اے (DGCA) اور طیارہ حادثہ تحقیقاتی بیورو (AAIB) نے مشترکہ طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حادثے کی ممکنہ وجوہات میں تکنیکی خرابی، پائلٹ کی غلطی یا موسمی حالات کی جانچ کی جا رہی ہے۔
*اب تک کیا معلومات ملی ہیں؟
طیارے میں سوار افراد: 242 (230 مسافر + 12 عملہ)
مقام حادثہ: میگھانی نگر، احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب
کارروائی: فائر بریگیڈ، پولیس، این ڈی آر ایف متحرک
زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں داخل کیا جا رہا ہے
تحقیقات جاری، بلیک باکس کی تلاش
وجے روپانی کے سوار ہونے کی تصدیق، حالت نامعلوم